پشاور: خیبرپختونخوا کے تاجروں اور صنعتکاروں نے حکومت سے پاک افغان کارگو ٹرین ٹریک کے منصوبے کو بغیر کسی تاخیر کے حتمی شکل دینے کا مطالبہ کر دیا، منصوبہ پاک افغان تجارت میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سابق سینئر نائب صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہد حسین نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے حکومتِ پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کی جانب سے مزارِ شریف، کابل، پشاور ریلوے ٹریک پراجیکٹ پر رضا مندی ظاہر کی گئی تھی تاہم منصوبے کی فنانسنگ کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا، آیا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے عالمی اداروں کی جانب سے فنڈنگ کی جائے گی یا تینوں ممالک کی جانب سے خود ہی فنانسنگ کی جائے گی۔
شاہد حسین نے کہا کہ اس وقت تاجروں کو بڑی کارگو گاڑیاں حاصل کرنے کے لیے بھاری کرائے ادا کرنے پڑ رہے ہیں اور ترسیلی مسائل کی وجہ سے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ شدید متاثر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاک افغان تجارت میں رکاوٹیں، سیمنٹ کی برآمدات متاثر، 8.6 فیصد کمی
افغانستان اور وسط ایشیا کے ساتھ پاکستان کو معاشی مرکز بنائے گی
انہوں نے کہا کہ مزار شریف، کابل، پشاور ریلوے ٹریک ایران اور ترکی کے مقابلے میں ہمیں وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ سستی اشیاء کی فراہمی کی رسائی کے قابل کرے گا۔
شاہد حسین کے مطابق ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل سے مقامی مصنوعات پر ترسیلی لاگت کم ہو گی جبکہ دیگر ممالک سے درآمد کی گئی زیادہ قیمتوں کی مصنوعات کی نسبت پاکستان وسط ایشیائی ممالک سے کم قیمتوں پر مصنوعات درآمد کر سکے گا۔
یہ بھی مدِ نظر رہے کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے اعلیٰ حکام نے گزشتہ منگل مزار شریف کابل پشاور ریلوے ٹریک منصوبے کی تعمیر پر بات چیت کے لیے تاشقند میں ایک ملاقات کی تھی۔ افغانستان کے وزیرخارجہ سردار عمرزکوو اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے ٹرین ٹریک کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔