ہائیڈرو پاور پر منافع، خیبرپختونخوا کو وفاق سے مزید تین ارب موصول

اس سے قبل دسمبر اور نومبر میں بھی تین تین ارب، اکتوبر میں دو ارب روپے ملے تھے، مجموعی طور پر 11 ارب روپے مل چکے ہیں: وزیر خزانہ خیبرپختونخوا

442

پشاور: خیبرپختونخوا کو خالص بجلی منافع کی مد میں وفاق سے رواں ماہ مزید تین ارب روپے مل گئے ہیں جس سے رواں مالی سال میں پن بجلی منافع 11 ارب روپے ہو گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی خالص بجلی منافع کے حوالے سے کوششیں بارآور ثابت ہوئی ہیں اور اس مد میں صوبے کو تسلسل سے اقساط ملنا شروع ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک 11 ارب روپے حاصل ہو چکے ہیں جس میں جنوری کی 3 ارب روپے کی قسط بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل دسمبر اور نومبر میں بھی تین تین ارب روپے ملے تھے جبکہ اکتوبر 2020ء میں صوبائی حکومت کو دو ارب روپے ملے تھے۔

تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبے کو پن بجلی منافع کے حصول میں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی کاوشیں شامل ہیں جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا عمر ایوب، پرویز خٹک اور فیصل واوڈا کا بھی اس میں اہم کردار ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پن بجلی منافع کی ماہانہ اقساط میں اضافے کے لیے بات چیت کی جائے گی تاکہ رواں مالی سال کی تمام رائیلٹی صوبے کو مل جائے اور ایک جامع حکمت عملی اور میکنزم کے تحت اس مد میں بقایاجات بھی جلد حاصل ہوں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here