اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے تین لاکھ 31 ہزار ڈالر مالیت کے عطیہ کردہ 220 آکسیجن کنسنٹریٹرز وزارتِ صحت کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے شدید متاثرہ افراد کے علاج، پیدائش کے دوران سانس رکنے اور تشویشناک نمونیا کی حالت میں زندگی بچانے کے لیے آکسیجن کنسنٹریٹرز ڈیوائس کا استعمال کیا جاتا ہے۔
وزارتِ صحت کی جانب سے وصول کیے گئے آکسیجن کنسنٹریٹرز کو اسلام آباد سمیت ملک کے سات بڑے شہروں میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے کہا ہے کہ “میں اے ڈی بی اور یونیسیف سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کا شکرگزار ہوں جنہوں نے پاکستان میں وبا کے بعد ہماری معاونت کی۔”
یہ بھی پڑھیے:
وباء سے نمٹنے، معیشت کو سنبھالنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی تعریف
برطانیہ کا بلوچستان میں کووِڈ-19 کیخلاف اقدامات کیلئے 35 لاکھ پاﺅنڈ امداد کا اعلان
انہوں نے کہا کہ آکسیجن کنسنٹریٹرز سے کورونا سے متاثرہ افراد کو ان کے گھروں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی حکومت کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور اس سے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
کورونا سے نبرد آزما ہونے کے لیے پانچ لاکھ ڈالر کی ابتدائی گرانٹ کو پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ اور آکسیجن کنسنٹریٹرز کی خریداری کے لیے استعمال کیا گیا ہے، اے ڈی بی نے پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کو مزید بہتر کرنے کے لیے 20 لاکھ ڈالر کی امداد کی منظوری بھی دی تھی۔
ان فنڈز کو کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والے افراد کی زندگی بچانے کیلئے ادویات کی فراہمی، تشخیص اور لیبارٹری کی سہولیات اور دیگر طبی آلات کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر ژیاہونگ یانگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “جب سے کووڈ 19 کی وبا پھیلی ہے اس وقت سے وبا کے خلاف اقدامات کرنے کے لیے اے ڈی بی نے حکومتِ پاکستان اور لوگوں کی مدد کے لیے تیزی سے اقدامات کیے ہیں”۔