خیبرپختونخوا: کرپٹو کرنسی اور مائننگ کے حوالے سے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل

589

پشاور: محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا نے کرپٹو کرنسی اور مائننگ کے حوالے سے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی کے چیئرپرسن مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیا اللہ بنگش جبکہ صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا کو سینئر وائس چیئرپرسن مقرر کیا گیا۔

اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سمیرہ شمس، حمیرا خاتون، شگفتہ ملک، کرپٹو مائننگ و کرپٹو کرنسی کے ماہرین میں وقار ذکاء، احمد منظور اور ڈاکٹر واجد، ایم ڈی بورڈ آف آئی ٹی علی محمود، ڈائریکٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد خان، محکمہ منصوبہ بندی و ترقی اور محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نمائندہ کمیٹی میں شامل ہیں۔

ایڈوائزری کمیٹی کرپٹو مائننگ و کرپٹو کرنسی کے حوالے سے ضروری اقدامات، ریسرچ اور قانون سازی کی جانب پیش رفت کا جائزہ لے گی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی نے کرپٹو کرنسی اور مائننگ کے حوالے سے ایڈوائزری کمیٹی بنانے کی قرارداد منظوری کے بعد محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کو سفارشات ارسال کیں اور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

قرارداد میں صوبائی حکومت سے اس امر کی سفارش کی گئی تھی کہ کرپٹو مائننگ کے منصوبے کیلئے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کو ممبران صوبائی اسمبلی اور متعلق ماہرین پر مشتمل ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی جائے تا کہ اس منصوبے سے متعلق ضروری ریسرچ اور قانون سازی کی جانب پیش رفت کی جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here