اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان رینجرز اور ایف سی کے ہیلی کاپٹرز کے فاضل پرزہ جات کی خریداری کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت ہائوسنگ کی سفارش پر ای سی سی نے وزارت کو گارڈن ویسٹ (پاکستان کوارٹرز) کراچی کی لیز کی تجدید کیلئے 37 کروڑ 72 لاکھ 10 ہزار روپے کے اپنے فنڈز کے استعمال کی اجازت دیدی۔
اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سوئی سدرن اور فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کے مابین گیس کی فراہمی کے معاہدے کی تجدید کی سمری پیش کی گئی، تفصیلی بحث و مباحثہ کے بعد ای سی سی نے ”جیسا اور دستیابی“ کی شرط پر پانچ سالہ مدت کی تجدید کی مشروط منظوری دیدی۔
سوئی سدرن میسرز فوجی فرٹیلائزر کو دسمبر 2021ء تک گیس کی فراہمی یا ٹیرف کو معقول بنانے کے بعد پورے فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے یکساں نرخوں کی بنیاد پر بحال کر سکتی ہے۔
اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ثاقب وَن اے ویل سے میسرز سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس کی دوبارہ تخصیص سے متعلق سمری کی منظوری دی گئی۔
قبل ازیں 6 اکتوبر 2009ء کو ای سی سی نے اس ویل سے سوئی نادرن کو گیس کی فراہمی کی منظوری دی تھی، گیس کی قیمت کا تعین نافذالعمل پیٹرولیم پالیسی کے مطابق ہو گا۔
ماڑی گیس کو نجکاری کیلئے منتخب کرنے کے تناظر میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے گیس پرائسنگ ایگریمنٹ کے تحت ماڑی گیس پر ڈیوڈنڈ ڈسٹری بیوشن کیپ کے خاتمہ سے متعلق سمری پیش کی گئی، تفصیلی مشاورت کے بعد ای سی سی نے ڈیوڈنڈ ڈسٹری بیوشن کیپ ہٹانے کی منظوری دیدی تاکہ اس کی نجکاری سے حکومت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔
ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ ماڑی گیس کمپنی لمیٹڈ کمپنیز ایکٹ 2017ء اور کمپنیز ریگولیشنز 2017ء کے مطابق ڈیوڈنڈ کی تقسیم کو یقینی بنائے گی۔
اجلاس میں کوویڈ 19 کی وبا کے دوران عوامی آگہی کیلئے میڈیا مہم کے اخراجات کی مد میں وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 14 کروڑ 13 لاکھ روپے، یوم یکجہتی کشمیر 2021ء کے ضمن میں میڈیا مہم کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 90 لاکھ روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اسی سی سی نے پاکستان رینجرز ہیڈکوارٹرز پنجاب کے ہیلی کاپٹر کیلئے فاضل پرزہ جات کی خریداری کیلئے پچاس لاکھ روپے، فرنٹئیرکوربلوچستان ہیڈکوارٹرز کے ہیلی کاپٹرکے فاضل پرزہ جات کی خریداری کیلئے اڑھائی کروڑ روپے اور فرنٹئیر کور جنوبی ڈی آئی خان کے ہیلی کاپٹر کے فاضل پرزہ جات کی خریداری کیلئے ایک کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹر وقار مسعود، معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر، معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر اور وزیر توانائی عمرایوب خان نے شرکت کی۔