کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب سفر کرنے والے مسافروں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے نیا ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا۔
پی آئی اے کے فلائٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے سعودی عرب جانے والی تمام ائیر لائنر کے لیے ہیلتھ ایڈوئزری کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔
قومی ائیرلائن نے اپنے ملازمین کو سعودی عرب جانے والے تمام مسافروں کو فلائٹ کے دوران ہی ہیلتھ ڈیکلریشن فارم تقسیم کرنے کا حکم دیا ہے۔ جی اے سی اے کی ہدایات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے سعودی عرب سفر کرنے والے مسافروں سے ائیر پورٹ ہیلتھ کنڑول سینٹرز پر ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کرنے اور اس پر دستخط کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
سعودی عرب، ساڑھے 11 ارب ریال کرپشن کے الزام میں 32 افراد گرفتار
پی آئی اے کا تربت سے شارجہ کیلئے پروازیں 6 فروری سے شروع کرنے کا اعلان
اس سے قبل 29 جنوری کو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستانی پاسپورٹ نہ رکھنے والے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے لیے سفری پابندی پر توسیع کی تھی اور بین الاقوامی سفر کے لیے ان کی سی کیٹیگری کو اپ ڈیٹ کیا تھا۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نئی ایس او پیز جاری کی گئیں جس کے مطابق پاکستان آنے والے سی کیٹیگری کے بین الاقوامی مسافروں کو کووڈ-19 رپورٹ دکھانا ہو گی اور ان مسافروں کو پاکستان میں کووڈ 19 ٹیسٹ دوبارہ سے کرانا ہو گا۔
سی اے اے نے چھ مزید ممالک کو کیٹیگری سی کی فہرست میں شامل کیا ہے، کیٹیگری سی میں شامل کیے گئے نئے ممالک میں جنوبی افریقہ، برطانیہ، پرتگال، آئرلینڈ اور برازیل شامل ہیں۔
سی اے اے نے بین الاقوامی سفر کے لیے نوٹی فکیشن میں اے اور بی کی نئی کیٹیگریز شامل کی ہیں جن میں 23 ممالک کو رکھا گیا ہے جس کا مطلب ان ممالک سے پاکستان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پری بورڈنگ کووڈ ٹیسٹ لازمی نہیں ہو گا۔
سی اے اے کے مطابق چین، سعودی عرب، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیٹیگری اے میں شامل ہیں۔ تاہم بی کیٹیگری کے ممالک سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بورڈنگ سے 90 گھنٹے قبل اپنی منفی کووڈ پی سی آر رپورٹ کو یقینی بنانا ہو گا۔
سی اے اے نے ایک بیان میں کہا کہ بقیہ کی کووڈ ایس او پیز ویسے ہی برقرار رہیں گی لیکن ان پر عملدرآمد لازمی ہو گا۔ نئی سفری پابندیاں 28 فروری 2021 تک عائد رہیں گی۔