اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی وسائل سے استفادہ کے ذریعے غیرملکی قرضوں پر انحصار کو کم کیا جا سکتا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چئیرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی انور علی حیدر، چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز، عمران امین اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے:
لاہور کے راوی اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ میں آٹھ ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری متوقع
راوی اربن پروجیکٹ، پہلے مرحلے میں حکومت کو چارسو ارب روپے آمدن کی توقع
وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ راوی سٹی کیلئے دو بڑی کمپنیوں کے آر ایف پی موصول ہو چکے ہیں اور چار مزید کمپنیوں کی طرف سے جلد متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کیلئے مزید ایک کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ منصوبہ پاکستان کیلئے سات ارب 60 کروڑ ڈالر کی آمدن کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا کہ منصوبے کی حکمتِ عملی تیار کر لی گئی ہے، منصوبے سے وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں استفادہ حاصل کر سکیں گی۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ریلوے کو بھی منصوبے میں محصولات میں شراکت داری کی وجہ سے بڑا فائدہ متوقع ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں بے شمار وسائل ایسے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی بجائے بیرونی قرضوں پر انحصار ہوتا رہا جس کا خمیازہ ہر سال پاکستان کو سود کی مد میں ادائیگیاں کرکے بھگتنا پڑ رہا ہے، ایسے وسائل کو بروئے کار لا کر گزشتہ حکومتوں کے ہاتھوں تباہ ہوئے اداروں کی بہتری کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے۔