پاکستان میں فائیوجی ٹیکنالوجی کب متعارف کرائی جائیگی؟

655

اسلام آباد: وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ دسمبر 2022ء تک فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جائے گی، فائیو جی متعارف کرانے کے لئے فورجی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہو گا۔

جمعرات کو ٹیلی نار پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ ”ٹیک ٹرینڈز2021ء“ کی تقریب سے بہ حیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کو اپنانے والی ایک ابھرتی ہوئی معیشت کی حیثیت سے پاکستان ٹیکنالوجی میں اضافے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے تاہم سہولیات کا ایک خلاء موجود ہے۔ وزارت آئی ٹی و ٹیلی مواصلات، ڈیجیٹلائزیشن کے اسی خلاء کو پر کرنے کیلئے ان تھک محنت کر رہی ہے۔

سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی مستقبل کی بدلتی ہوئی تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈیجیٹل ماحول کی ترقی کا عزم رکھتی ہے۔ اس عزم کو مضبوط بناتے ہوئے ہم نے حال ہی میں ٹیلی کام سیکٹر کیلئے ”رائٹ آف وے پالیسی“ کی منظوری کے ساتھ ایک اور سنگ میل طے کیا ہے جس کے تحت ٹیلی کام سیکٹر کو عوامی خدمات کی فراہمی میں بھرپور اور سہل طریقے سے مدد مل سکے گی۔ اس سے قبل ایسی پالیسی موجود نہ ہونے کی وجہ سے ٹیلی کام سیکٹر کو اپنا کام کرنے اور نئے سرمایہ کاروں کی آمد میں رکاوٹیں حائل تھیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

’ہر 15 دن بعد آئی ٹی کا نیا منصوبہ پیش کریں گے‘

واٹس ایپ پرائیویسی پالیسی، وزارت آئی ٹی کیا اقدامات اٹھا رہی ہے؟

اندرون سندھ میں انٹرنیٹ فراہمی کیلئے پی ٹی سی ایل کے تین ارب کے معاہدے

وفاقی وزیر نے کہا کہ رائٹ آف وے پالیسی درست سمت میں ایک اہم ترین اقدام ہے جس کے ذریعے اب ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو اپنے سامان کی تنصیب، دیکھ بھال اور ملک بھر میں نیٹ ورک کی توسیع میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ہمیشہ جدید ترین ٹیکنالوجی کو ملک میں متعارف کروانے کی کوشش کرتی آئی ہے، پھر بھی ڈیجیٹل پاکستان کے مقصد کو صحیح معنوں میں حاصل کرنے کے لئے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے لیکن ہم مطمئن ہیں کہ ہماری راہیں درست اور رفتار تسلی بخش ہے۔

سید امین الحق نے مزید کہا کہ ہم نے یہ سیکھا ہے کہ ڈیٹا کسی بھی ٹیکنالوجی کے بنیادی پہلوئوں میں شامل ہے اور مستقبل قریب میں لوگ اپنے کاروبار کو بہتر انداز میں بڑھانے اور اہم ترین صارفین کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کیلئے حکمت عملی سے متعلق ڈیٹا کے انتظام پر بہت زیادہ انحصار کریں گے۔

وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم دنیا کے بیشتر ممالک کے مقابلے میں انتہائی فیصلہ کن مرحلے پر ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی اب پہلے سے کہیں زیادہ اس تبدیلی کا احساس ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان ناصرف ہر پاکستانی کے لئے معیاری رابطوں کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے بلکہ نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کیلئے ٹیکنالوجی میں کامیابی کی نئی راہیں تلاش کرنے میں بھرپور معاونت کر رہا ہے۔ تقریب میں ٹیلی نار گروپ کے ہیڈ آف ریسرچ ٹالے سیندبرگ اور ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹیو عرفان وہاب خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر دیگر حکام بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here