تجارتی مذاکرات کیلئے پاکستانی وفد 31 جنوری کو ازبکستان کا چار روزہ دورہ کریگا

573

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانو کے درمیان پاکستان کے تجارتی وفد کے دورہ ازبکستان سے متعلق بات چیت ہوئی۔ 

عبدالرزاق داؤد کی قیادت میں پاکستانی وفد 31 جنوری 2021 سے 4 فروری 2021 تک ازبکستان کا دورہ کرے گا۔ ازبکستان کے نائب وزیراعظم ڈاکٹر سردور عمرزاقوف نے 10 ستمبر 2020 کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد اب پاکستانی وفد ازبکستان کا دورہ کرے گا۔

دورہ پاکستان کے دوران ازبک نائب وزیراعظم نے تجارت اور اقتصادی امور پر جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر میمورینڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کیے تھے اور یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جوائنٹ ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس باہمی رضامندی سے تاشقند میں منعقد کیا جائے گا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ پاکستان ازبکستان پریفرینشل ٹریڈ ایگریمنٹ (پی ٹی اے) پر ممکنہ مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔

مشیرِتجارت کے ساتھ پاکستانی وفد میں سیکرٹری کامرس کے ساتھ دیگر وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران بھی شامل ہوں گے۔

آئندہ اجلاس کے دوران تجارت سے متعلق معاملات خاص کر پاکستان ازبکستان پی ٹی اے سے متعلق تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

ازبکستان کی سرحدیں ترکمانستان، کازکستان، تاجکستان، کرغستان اور افغانستان کے ساتھ لگتی ہیں۔ خطے میں رابطے اور تجارتی تعلقات میں بہتری سے پاکستان کی ازبکستان کو برآمدات کے دروازے کھل سکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان 90 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کی توقع ہے۔

تجارت کے علاوہ، ریلوے لنکس، بینکنگ تعلقات، اقتصادی اور بحری تعاون اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی جائے گی۔ ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکلز کے شعبوں میں ممکنہ تعاون کو بھی زیرِ بحث لایا جائے گا۔

یہ بھی توقع ہے کہ تاشقند میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بات چیت میں افغانستان سے وفد بھی تجارت اور رابطے پر سہ ممالک کانفرنس میں شریک ہو سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here