اسلام آباد: وفاقی کابینہ کو ٹاسک فورس برائے کفایت شعاری و ادارہ جاتی تنظیم نو کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی 70 ہزار خالی آسامیاں ختم کر دی جائیں۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کی جانب سے کابینہ کو ٹاسک فورس برائے کفایت شعاری و تنظیم نو کی جانب سے وزارتوں اور ڈویژنز میں 70 ہزار خالی آسامیاں ختم کرنے، وفاقی اداروں کی تعداد 441 سے کم کر کے 324 تک رکھنے کے حوالے سے ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ پچھلے دو سالوں میں وزارتوں اور اداروں کے اخراجات نہیں بڑھائے گئے جبکہ سات اداروں کی تنظیم نو کے حوالے سے اصلاحات پر مبنی سفارشات متعلقہ وزارتوں کو عمل درآمد کے لیے دے دی گئی ہیں، ان اصلاحات پر عمل درآمد پر پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کابینہ کو وزارتوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری اور ای فائلنگ کے حوالے سے اہداف کی تکمیل میں پیشرفت، اخراجات میں کمی، منی ٹائزیشن کے حوالے سے اصلاحات اور ڈویژنز کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی مد میں فنڈز کی ریلیز کی حد میں اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ان اصلاحات پر عمل درآمد اور متوقع اثرات کے حوالے سے مجوزہ روڈ میپ پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے سات جنوری 2021ء اور 14 جنوری 2021ء کو منعقدہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔