ظہبی گروپ کا مستقبل میں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ

15 سالوں سے زیرالتواء مبارک سینٹر کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، ظہبی گروپ کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات

715

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

جمعہ کو وزیراعظم سے ظہبی گروپ کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں ظہبی گروپ کے سی ای او تنویر حسین اعوان، ڈائریکٹر سلمان ناصر عبداللہ البدی اور پاکستان کے کنٹری ہیڈ محمد شہباز خان شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ‍ ذوالفقار بخاری، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور چیئرمین بی او آئی عاطف بخاری بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے: 

ابوظہبی گروپ کا پاکستان میں 50 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا عندیہ

ابو ظہبی گروپ کا پاکستانی ٹیلی کام سیکٹر کو خیر باد کہنے کا فیصلہ

کیا پاکستان میں ابوظہبی گروپ کا اختتام ہو رہا ہے؟ اگر ایسا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟

وفد نے وزیراعظم عمران خان کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے وژن اور بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کے لئے کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات لائق تحسین ہیں، موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے ۔

سی ای او ظہبی گروپ نے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ظہبی گروپ کے لاہور میں اعلی تعمیراتی منصوبے مبارک سینٹر، جو گزشتہ 15 سالوں سے التواء کا شکار تھا، کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

وفد نے اس ضمن میں حکومت پاکستان کی جانب سے گروپ کو سرمایہ کاری کے حوالے سے آسانیوں کی فراہمی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کاروبار میں آسانی کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو وَن ونڈو کے تحت سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ظہبی گروپ کی جانب سے مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here