اسلام آباد: پٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے ایک فوری ٹینڈر کے ذریعے فروری کے مہینے کیلئے کم قیمت پر مزید ایک کارگو کا انتظام کر لیا ہے۔
گزشتہ روز ایک بیان میں ترجمان پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ کارگو کی قیمت اس بولی دہندہ کی قیمت سے تقریباً 22 فیصد کم ہے جس نے فروری کیلئے اپنی بولی واپس لے لی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بولی کی تاریخ اور کارگو کی ڈیلیوری کی درمیانی مدت 35 دن ہے جبکہ اس سے قبل جاری کئے جانے والے ٹینڈر کیلئے بولی جمع کرانے کی تاریخ اور کارگو کی ڈیلیوری کی تاریخ کے درمیانی مدت 49 دن تھی۔
یہ بھی پڑھیے:
عالمی سپلائیرز کا پاکستان کو ایل این جی دینے سے انکار
ایل این جی کی ادائیگیاں نہ کرنے پر پی ایس او کیخلاف عالمی عدالت میں مقدمہ دائر
اس سے قبل ایل این جی کی دو عالمی سپلائر کمپنیوں نے پاکستان کو فروری میں گیس کی فراہمی سے انکار کر دیا تھا، پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے SOCAR ٹریڈنگ یو کے لمیٹڈ کو پہلی سپاٹ کارگو کا ٹھیکہ دیا تھا جبکہ دوسری سپاٹ کارگو کا ٹھیکہ کم بولی لگانے والی ایک دوسری کمپنی کو دیا تھا جس نے بولی کے مطابق ایل این جی کی ترسیل سے انکار کر دیا تھا۔
واضح رپے کہ حال ہی میں عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں اتار چڑھائو دیکھنے میں آیا ہے، اس کے ساتھ شمالی ایشیائی ممالک کی جانب سے گیس کی خریداری میں اضافہ بھی ہوا ہے جس کے باعث ایل این جی کی رسد میں کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستان کو بھی عالمی کمپنیوں کی جانب سے انکار کی بظاہر یہی وجہ نظر آتی ہے۔
ایل این جی مارکیٹ سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق کئی عالمی کمپنیوں نے اپنی بولیوں سے انحراف کیا ہے اور بعض کیسز میں یہ کمپنیاں سپلائی بحران اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث اپنے معاہدوں سے ہی پِھر گئی ہیں۔