اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ نان ٹیکسٹائل سیکٹر کی ڈراءبیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (ڈی ایل ٹی ایل) کی ادائیگی کے لیے 213 ملین روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مشیر تجارت نے کہا کہ نان ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے 213 ملین روپے کے ریفنڈز اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس ہیں اور جلد متعلقہ برآمدکنندگان کو واپس کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ “حکومت کی پالیسی کسی بھی برآمدکنندہ پر کسی بھی طرح کی ورکنگ کیپیٹل میں دشواری ڈالنا نہیں۔ مجھے امید ہے کہ ڈی ایل ٹی ایل کی ادائیگی سے برآمدکنندہ کو سہولت ملے گی”۔
یہ بھی پڑھیے:
گھر بیٹھے تعمیراتی سامان منگوانے کیلئے پاکستانی سٹارٹ اپ متعارف
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سافٹ وئیر پارکس کے قیام کیلئے اہم ترین پیشرفت
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ “یہ امر بہت متاثر کن ہے کہ کراچی میں دو نوجوانوں کی جانب سے پاکستان میں روایتی ریٹیل سیکٹر کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے “بازار ٹیکنالوجیز” کے نام سے ایک سٹارٹ اپ کی محض آٹھ ماہ پہلے بنیاد رکھی گئی اور اتنے کم عرصے میں مذکورہ سٹارٹ اپ سیڈ راؤنڈ میں 6.5 ملین ڈالر اکٹھے کرنے میں کامیاب ہو گیا، مذکورہ سٹارٹ اپ کا مقصد ملک میں ای کامرس کو فروغ دینا ہے۔
رزاق داؤد نے کہا کہ “میں نے ہمیشہ اپنے نوجوانوں کی انٹرپرینیورشپ صلاحیتوں پر یقین رکھا ہے اور یہ انٹرپرینیورشپ کے کلچر میں اضافہ نوجوانوں کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان دنیا میں ممکنہ ای کامرس کی ایک بڑی مارکیٹ ہے اس لیے میں نوجوانوں کی کامیابی کا خواہشمند ہوں اور اپنے نوجوان انٹرپرینیورز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ انٹرپرینیورشپ کے کلچر کو اپنائیں”۔