اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2020-2021 کے تحت نئے سوشل سیکٹر منصوبوں کے قیام اور متعدد جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 319.56 ارب روپے جاری کر دیے۔
وزارتِ منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مختلف وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 207.17 ارب روپے جاری کیے گئے جس میں کارپوریشنز کے لیے 87 ارب روپے، خصوصی علاقہ جات کے لیے 25.25 ارب روپے اور زلزلہ کی تعمیرنو اور بحالی اتھارٹی کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جس میں سے 750 ملین روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح، پی ایس ڈی پی کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لیے مجموعی طور پر مختص کردہ 118.67 ارب روپے میں سے 55.2 ارب روپے، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے لیے 158.3 ارب روپے کے فنڈز میں سے 31.8 ارب روپے اور واٹر ریسورسز ڈویژن کے لیے 81.2 ارب روپے کے مجموعی فنڈز میں سے 45 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
فنڈز کی عدم فراہمی پر خیبرپختونخوا میں کئی ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار
مالی سال 2020-21ء: پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 1.32 کھرب روپے مختص
اس کے علاوہ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو مجموعی طور پر 29.4 ارب روپے کے مختص کردہ فنڈز میں سے 14 ارب روپے جبکہ پاکستان نیوکلئیر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) کو 350 ملین روپے میں سے 175 ملین روپے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے جاری کیے جا چکے ہیں۔
مزید برآں، ریلویز ڈویژن نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11.7 ارب روپے، انٹیرئیر ڈویژن نے 7.38 ارب روپے، نیشنل ہیلتھ سروسز ڈویژن نے 7.4 ارب روپے، ریونیو ڈویژن نے 4.6 ارب روپے جبکہ کیبینٹ ڈویژن نے 38.2 ارب روپے وصول کیے۔
حکومت نے آزاد جموں اینڈ کمشیر کے لیے (پی ایس ڈی پی کے مختص کردہ 27.24 ارب روپے) کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے لیے 13.99 ارب روپے اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے (پی ایس ڈی پی کے مختص کردہ 25 ارب روپے) فنڈز میں سے 11.26 ارب روپے جاری کیے ہیں۔