پاکستان اور آذربائیجان کا اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات، آزری وفد کی صدر، وزیراعظم سے ملاقات، نگورنو کاراباخ کی آزادی پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد، آزاد خطے کی تعمیرنو کیلئے تعاون کی پیشکش

190
پاکستان اور آذربائیجان کااقتصادی اور توانائی شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق (فوٹو: پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ)

اسلام آباد: پاکستان اور آذربائیجان نے اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون سمیت زمینی و فضائی روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ آزری وفد کی قیادت آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کر رہے تھے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے آرمینیا کے زیر قبضہ علاقوں کو آزاد کروانے پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر واضح موقف رہا ہے کہ آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔

پاکستان اور آزربائیجان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم آذربائیجان کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں وسعت کے خواہشمند ہیں۔ ان مذاکرات میں پاکستان اور آزربائیجان کے مابین اقتصادی، تجارتی، دفاعی تعاون کے فروغ سمیت تعلیم، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے عوامی سطح پر روابط کے فروغ اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کیلئے نئی ویزہ پالیسی کا اجراء کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کوروناعالمی وبائی چیلنج کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر بھی اتفاق کیا۔

صدرمملکت عارف علوی سے ملاقات

آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے ایوان صدر میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ عقیدے، تاریخی اور ثقافتی روابط پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے اور ثقافتی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، امید ہے کہ اسلام آباد میں پاک آذربائیجان ترکی سہ فریقی مذاکرات سے سہ رخی تعلقات اور برادر ممالک کے مابین تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات 

صدر مملکت نے کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے ممبر کی حیثیت سے آذربائیجان کے کردار کو سراہا اور نگورنو کاراباخ کی آزادی پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

اس موقع پر آذری وزیرِ خارجہ نے نگورنو کاراباخ پر آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان مسئلہ کشمیر پر تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا۔ جیہون بیراموف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارتی اور ثقافتی تعاون میں اضافے کی صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

آذربائیجان کے وزیر خارجہ صبح جیہون بیراموف نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کو مقبوضہ علاقے آزاد کرانے پر مبارک باد دی اور آزاد کرائے گئے علاقوں کی تعمیرنو اور ترقی میں پاکستان کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ صبح جیہون بیراموف کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے بہترین دوطرفہ سیاسی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے آذربائجان کے صدر الہام علیوف کی طرف سے وزیراعظم کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور نگورنو کاراباخ کے تنازعہ پر پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور جموں وکشمیر کے تنازعہ پر آذربائجان کی طرف سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here