پہلی ششماہی کے دوران امریکا کو پاکستانی برآمدات میں 18.4 فیصد اضافہ

722

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران امریکا کو پاکستان کی برآمدات میں 18.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت تجارت کی رپورٹس کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران امریکا کو 2412 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران امریکا کو 2037 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران امریکا کو قومی برآمدات میں 375 ملین ڈالر یعنی 18 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

پہلی ششماہی میں برآمدات میں 5 فیصد، دسمبر میں 18 فیصد اضافہ

’پاکستان نے برآمدات میں بھارت، بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا‘

مشرقی ایشیائی ممالک سے پاکستان کی درآمدات میں 10 فیصد اضافہ، برآمدات میں 11 فیصد کمی

رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019ء کے مقابلہ میں دسمبر 2020ء کے دوران برآمدات میں 27 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور دسمبر 2019ء کی 334 ملین ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں دسمبر 2020ء کے دوران پاکستان نے امریکا کو 425 ملین ڈالر کی برآمدات کی ہیں۔

رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں اکتوبر تا دسمبر 2020ء کے دوران امریکا کو 400 ملین ڈالر سے زیادہ کی برآمدات کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملکی برآمدات میں محض پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی سے لے کر دسمبر 2020ء تک برآمدات سے 12 ارب 10 کروڑ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ برس کی پہلی ششماہی کے دوران برآمدات کا حجم 11 ارب 52 کروڑ رہا تھا۔

اسی طرح پہلی ششماہی میں پاکستان کا درآمدی بل گزشتہ برس کی اسی مدت کے 23.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں 5.72 فیصد اضافے سے 24.52 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here