گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 23 لاکھ سے زائد، 43.6 ارب روپے ٹیکس جمع

599

اسلام آباد: فیڈ رل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ 4 جنوری 2021ء تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 23 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ چکی ہے، گوشواروں کے ساتھ ادا 43.6 ارب روپے انکم ٹیکس جمع کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس سال 2020ء کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے وصول ہونے میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے، 8 دسمبر 2020ء تک 17 لاکھ 68 ہزار ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کئے تھے جن کے ساتھ 22 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا تھا۔

تاہم 4 جنوری 2021ء تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 23 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس ضمن میں گوشواروں کے ساتھ ساتھ 43.6 ارب روپے ٹیکس اکھٹا ہوا۔

پچھلے سال اس عرصہ میں 21 لاکھ 81 ہزار گوشوارے جمع ہوئے تھے اور 28 ارب روپے انکم ٹیکس جمع ہوا تھا، اس طرح رواں سال انکم ٹیکس میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

ایف بی آر، پہلی ششماہی میں ہدف کا 99.7 فیصد ٹیکس جمع

وزارت صحت کی سگریٹ اور سافٹ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹیکس کے نفاذ کی تجویز

نئی پالیسی کے تحت ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کا ہدف 20.86 ارب ڈالر مقرر

ایف بی آر کے مطابق مقررہ تاریخ یعنی 8 دسمبر 2020ء کے بعد داخل ہونے والے گوشواروں کی تعداد پانچ لاکھ 47 ہزار کے قریب ہے اور ان کے ساتھ جمع ہونے والا ٹیکس بھی 22 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس گزاروں کو دی گئی سہولیات کی بدولت انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

اس سلسلے میں ایف بی آر نے کہا کہ یکم مارچ کے بعد ایکٹو ٹیکس پئیر لسٹ جاری کر دی جائے گی جس میں وہی لوگ شامل ہو سکیں گے جنہوں نے ٹیکس سال 2020ء کا گوشوارہ جمع کروا دیا ہو گا۔

ایکٹو ٹیکس پئیر لسٹ میں موجود ہونے کی صورت میں بہت سے فوائد حاصل ہو جائیں گے، جن میں سب سے قابل ذکر یہ ہے کہ اکثر معاشی معاملات میں فائلرز کے سلسلے میں ٹیکس ودہولڈ کیا ہی نہیں جائے گا جبکہ بہت سے دوسرے معاشی معاملات میں ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح نان فائلرز کے مقابلے میں آدھی رہ جائے گی۔

اس کے علاوہ فائلر حضرات ٹیکس چوری کی ممکنہ کارروائی سے بھی محفوظ رہیں گے جس کا اختیار محکمے کو گزشتہ سال دیا جا چکا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقررہ تاریخ کے بعد ریٹرن فائل کرنے میں جتنا وقت زیادہ لیا جائے گا جرمانے کی مد میں اسی شرح سے اضافہ بھی ہوتا چلا جائے گا۔

ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ہی اپنے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کریں اور مارچ کے بعد جاری ہونے والی اے ٹی ایل میں شامل ہونے کا فائدہ اٹھائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here