اسلام آباد: پاکستان چینی فارماسیوٹیکل کمپنی سائنو فارم سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 12 لاکھ ویکسین خوراکیں خریدے گا، کسی بھی ساؤتھ ایشین ملک کے لیے ویکسین کی خریداری کی سرکاری سطح پریہ پہلی تصدیق ہے۔
چین نے سرکاری الحاق شدہ فارماسیوٹیکل کمپنی سائنوفارم کی تیارکردہ کووڈ-19 ویکسین کے استعمال کی منظوری دے رکھی ہے، عام لوگوں کے استعمال کے لیے شاٹ کی یہ پہلی منظوری ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ “کابینہ کمیٹی نے ابتدائی طورپر چین کی مذکورہ کمپنی سے 12 لاکھ ویکسین خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، 2021 کی پہلی سہ ماہی میں صفِ اول کے ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکز کو یہ ویکسین مفت لگائی جائے گی”۔
یہ بھی پڑھیے:
’تمام شرائط پوری، کورونا ویکسین جلد پاکستان کو مل جائے گی‘
بنگلہ دیش ساڑھے چار کروڑ شہریوں کو کورونا ویکسین فراہم کرے گا
وفاقی وزیر نے برطانوی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ پاکستان دو غیرملکی فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے ویکسین کی خریداری کے لیے رابطے میں تھا، حکومت حتمی طور پر بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹس کی تیار کردہ سائنوفارم ویکسین خریدے گی۔
ووہان انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹس کی تیار کردہ سائنوفارم ویکسین کی ایک دوسری امیدوار ویکسین ہے جس کے تیسرے مرحلے کے ٹرائلز کیے جارہے ہیں۔
پاکستان نے گزشتہ ماہ 150 ملین ڈالر مالیت کی کووڈ-19 ویکسین خریدنے کی منظوری دی تھی، یہ ویکسین پانچ فیصد سب سے زیادہ متاثرہ افراد کے لیے خریدی گئی لیکن پاکستان نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کس کمپنی سے خریداری کا معاہدہ کرے گا، حکومت نے کہا تھا کہ وہ ایک سے زائد ذرائع سے ویکسین خوراکیں خریدے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ “اگر نجی سیکٹر کسی دوسری بین الاقوامی منظورشدہ فارماسیوٹیکل کمپنی سے ویکسین خریدنا چاہتا ہے تو وہ خرید سکتا ہے”۔