کٹلری کی برآمدات 23 فیصد اضافہ، چار کروڑ 95 لاکھ ڈالر زرمبادلہ حاصل

908

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں کٹلری کی برآمدات 23.72 فیصد بڑھ گئیں۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران برآمدات کا حجم چار کروڑ 95 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2019ء کے دوران کٹلری کی برآمدات سے چار کروڑ ایک لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران کٹلری کی قومی برآمدات میں 94 لاکھ ڈالر یعنی 23.72 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

پانچ ماہ میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں 12.58 فیصد کمی

پاکستان کا تجارتی خسارہ 9.740 ارب ڈالر تک جا پہنچا

بعد از کورونا پاکستانی برآمدات جنوبی ایشیا میں حریف ممالک پر سبقت لے گئیں، مگر کیسے؟

ادھر سالانہ اعتبار سے نومبر 2020ء کے دوران پاکستانی کٹلری کی برآمدات میں 23.36 فیصد اضافہ سے برآمدات کا حجم ایک کروڑ چار لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ نومبر 2019ء میں کٹلری کی برآمدات سے 84 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

دوسری جانب ماہانہ اعتبار سے اکتوبر 2020ء کے مقابلہ میں نومبر 2020ء کے دوران برآمدات میں 5.17 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اکتوبر 2020ء میں کٹلری کی برآمدات ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ نومبر 2020ء کے دوران کٹلری کی برآمدات ایک کروڑ چار لاکھ ڈالر تک کم ہو گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں مجموعی ملکی برآمدات میں 2.21 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران مجموعی برآمدات کا حجم 9.747 ارب ڈالر رہا ہے۔

گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2019ء کے دوران مجموعی برآمدات سے 9.536 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس دوران مجموعی ملکی درآمدات بھی 1.63 فیصد اضافہ سے 19.175 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 19.487 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔

گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں تجارتی خسارہ 1.05 فیصد اضافہ سے جولائی تا نومبر 2020ء کےلئے 9.740 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ جولائی تا نومبر 2019 میں پاکستان کو 9.639 ارب ڈالر کے تجارتی خسارہ کا سامنا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here