اسلام آباد: جاری مالی سال میں مجموعی ملکی برآمدات میں 2.11 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 1.63 فیصد اضافہ ہوا ہے، تجارتی خسارہ میں بھی 1.05 فیصد بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر 2019ء کے لئے ملک کا تجارتی خسارہ 9.639 ارب ڈالر تھا جو جولائی تا نومبر 2020ء میں 1.05 فیصد اضافہ سے 9.740 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔
پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں مجموعی قومی برآمدات 2.11 فیصد اضافہ سے گزشتہ سال کے 9.536 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 9.747 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹیکسٹائل برآمدات میں ریکارڈ اضافہ، ایکسپورٹ آرڈرز پورے کرنا مشکل
’1990ء کے بعد پہلی بار فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری مکمل بحال‘
درآمدی موبائل فونز پر ڈیوٹیز کی مد میں 54 ارب روپے آمدن
اسی طرح درآمدات میں بھی 1.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران مجموعی قومی درآمدات 19.487 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو جولائی تا نومبر 2019ء میں 19.175 ارب ڈالر رہی تھیں۔
رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات سب سے نمایاں رہیں، نومبر 2020ء میں ٹیکسٹائل برآمدات 9.27 فیصد اضافہ سے 1.28 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ نومبر 2019ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 1.176 ارب ڈالر تھا۔
دوسری جانب جاری مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 45.26 فیصد اور غذائی اجناس کی درآمدات میں 44.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران غذائی اجناس کی درآمدات کا حجم 3.01 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2.08 ارب ڈالر رہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران غذائی اجناس کے گروپ کی قومی درآمدات میں 93 کروڑ ڈالر یعنی 44.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق گندم اور چینی کی مقامی طلب کو پورا کرنے کے لئے حکومت گندم اور چینی درآمد کررہی ہے جو فوڈ گروپ کی مجموعی درآمدات میں اضافہ کا سب سے بڑا سبب ہے۔ دودھ، ڈرائی فروٹ، چائے، مصالحہ جات ، پام آئل، سویا بین آئل اور دالوں وغیرہ کی درآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی بی ایس رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 72 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا جو گزشتہ سال 49 کروڑ 84 لاکھ ڈالر تھا، اس طرح موبائل فونز کی درآمدات میں 22 کروڑ 56 لاکھ ڈالر یعنی 45 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب درآمدی بل پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والے پٹرولیم گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران 2.78 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی بی ایس کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران پیٹرولیم گروپ کی مجموعی درآمدات گزشتہ برس کے 5.110 ارب ڈالر کے مقابلے میں 3.946 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔