اسلام آباد: محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج (آئی ایس ای) پر دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں نے پاکستان میں چار حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے اور وہ اب اسلام آباد سٹاک ایکسچینج ٹاور پر بم حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ گرفتار دہشتگرد سکیورٹی اداروں کو پیرودھائی سمیت چار بم دھماکوں میں مطلوب تھے۔
سی ٹی ڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان سے آپریٹ کرنے والی دہشت گرد تنظیمیں گرفتار کیے گئے دہشتگردوں کو مالی معاونت فراہم کر رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام، چاروں حملہ آور ہلاک
پی ایس ایکس حملہ: شہداء کے خاندانوں، زخمیوں میں امدادی رقم کے چیک تقسیم
سکیورٹی حکام نے ایک خفیہ اطلاع پر راولپنڈی کے علاقے دریائے سوان کے قریب کارروائی کی جہاں سے چاروں دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے ملنے وال جدید اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
گزشتہ روز (سوموار) راولپنڈی میں گنج منڈی پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم 25 افراد زخمی ہوئے تھے، ابتدائی تفتیشی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ حملہ ہینڈ گرنیڈ سے کیا گیا تھا۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی محمد احسن یونس نے کہا کہ 10 روز میں پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔
اس سے قبل 4 دسمبر کو پیرودھائی پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوئے تھے۔