پانچ ماہ میں سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر ارسال

173

اسلام آباد: سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر ملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 28.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا نومبر 2020 تک کی مدت میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 3.330 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 28.2 فیصدزیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

مسلسل چھٹے ماہ پاکستان کی ترسیلات زر دو ارب ڈالر سے زائد

2021ء تک عالمی ترسیلات زر میں 14فیصد کمی واقع ہو جائے گی : ورلڈ بنک

رواں سال پاکستان کی ترسیلات زر کا حجم کیا رہے گا؟ عالمی بینک کی رپورٹ جاری

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.597 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

ماہانہ اعتبار سے نومبر 2020ء میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 615.1 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ سال نومبر 490.8 ملین ڈالر بھیجے گئے تھے۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر ارسال کرنے کیلئے ترغیبات اور سہولیات دینے کے نتیجہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مجموعی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 26.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جولائی سے نومبر 2020ء تک کی مدت میں سمندر پار پاکستانیوں نے 11.769 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں نے 9.275 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here