کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے رواں سال بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے اضافی چار ارب روپے فراہم کرنے کی درخواست کر دی۔
سندھ کی صوبائی کابینہ نے بارشوں سے متاثرہ افراد کے نقصان کے ازالے اور تخمینہ لگانے کے لیے اجلاس منعقد کیا، اجلاس کے دوران رواں متاثرہ افراد کی امداد کے لیے وفاقی حکومت سے چار ارب روپے فنڈز کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات کے دوران کم از کم 149 افراد جاں بحق اور 103 افراد زخمی ہوئے جبکہ ہزاروں گھر تباہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے:
وبا، معاشی بحران اور قحط کے خدشات، آئندہ سال 35 ارب ڈالر امداد درکار ہو گی
کراچی میں بارشیں، ریسٹورنٹ انڈسٹری مشکلات کا شکار، نقصانات کا ازالہ کرنے کا مطالبہ
آڈیٹر جنرل پاکستان ہنگامی بارشوں کے لیے حکومتی تیاریوں سے متعلق آڈٹ کنڈکٹ کرے گا
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں آٹھ ارب روپے کا مجموعی نقصان ہوا، ان کی حکومت صوبے بھر کے متاثرہ افراد کی بحالی اور نچلے طبقے کے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔
کابینہ نے بارشوں کے باعث حادثات کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کو ایک، ایک لاکھ روپے اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلِخانہ کے لیے 25 ہزار روپے امداد کی منظوری دی۔ اجلاس میں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کی مرمت کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے امداد کی منظوری بھی دی گئی۔ مویشیوں کے نقصانات کی صورت میں فی مویشی ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔
حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کابینہ نے چھوٹے کاروباروں اور متاثرہ فصلوں کے عوض ریلیف فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت چھوٹے کاروباروں کو ٹیکس چھوٹ فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ چھوٹے کاروباروں اور فصلوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے فیڈرل ٹیکسز میں ریلیف کی درخواست کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو بھی متاثرہ افراد کے نقصانات کے ازالے کے لیے اضافی چار ارب روپے کی اضافی درخواست کریں گے۔