سرکاری تحائف کی نیلامی کتنے میں کی؟ وفاقی حکومت سے پانچ سالہ ریکارڈ طلب

419

لاہور: لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) نے وفاقی حکومت سے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران توشہ خانہ کے تحائف کی نیلامی سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔

توشہ خانہ تحائف کی نیلامی کے خلاف ایڈووکیٹ عدنان پراچہ نے درخواست دائر کر رکھی تھی جس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے 13 دسمبر تک تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

25 نومبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کو آئندہ احکامات تک کابینہ ڈویژن کے توشہ خانہ میں قیمتی تحائف کی نیلامی سے روک دیا تھا۔

سرکاری وکیل نے عدالت میں پیش ہو کر جواب جمع کرایا تھا کہ تحائف کی نیلامی متعلقہ قوانین کے تحت کی گئی۔ تاہم درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ نیلامی کے اشتہارات نہیں دیے گئے، صرف حکومتی افسران کو خط کے ذریعے قیمتی تحائف کی نیلامی کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحائف قانون کی خلاف ورزی میں بیوروکریٹس کو نیلام کر دیے گئے، نیلامی کے عمل کو چھپانے کے لیے وفاقی حکام نے عوام کو اس میں حصہ لینے کے لیے اشتہارات دینے کی بجائے مختلف محکموں کو خط کے ذریعے دعوت دی۔ کیس کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here