اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے وضاحت کی ہے کہ ٹیکس گزاروں کو توسیع شدہ تاریخ گزرنے کے بعد بھی قانون کے مطابق سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی اجازت ہے۔
جمعرات کو ایک بیان میں ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ ٹیکس گزار جتنا جلد ممکن ہو اپنے گوشوارے داخل کر لیں کیونکہ دیر سے گوشوارے فائل کرنے والے پر قانوناً جرمانہ بھی اسی حساب سے عائد ہو گا۔
یہ بھی پڑھیے:
رواں سال 63 فیصد زائد ٹیکس اکھٹا ہوا: ایف بی آر
قابل ٹیکس آمدن والے 10 لاکھ افراد، 50 ہزار کمپنیاں گوشوارے جمع کرانے سے گریزاں
واضح رہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے 8 دسمبر کے بعد بھی بغیر جرمانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی اجازت دی تھی جس کے لئے آن لائن یا مینوئل طریقہ سے متعلقہ فیلڈ دفتر کو تاریخ میں توسیع حاصل کرنے کے لئے 8 دسمبر تک درخواست جمع کرانا ضروری تھا۔
فیلڈ دفاتر کوخصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ ٹیکس گزاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ٹیکس گزار بر وقت اپنے ٹیکس گوشوارے داخل کر سکیں۔
مزید برآں ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے اہل ہونے کے باوجود گوشوارے داخل نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق جلد کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔