اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں معاشی استحکام، اور برآمدات میں تنوع کے ذریعہ میکرواکنامک صورت حال میں بہتری کو فروغ دینے کیلئے 30 کروڑ ڈالر بطور پالیسی قرضہ دینے کی منظوری دے دی۔
اس ضمن میں فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے، پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نوراحمد اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ژائو ہانگ ینگ نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت تجارت کو فروغ دینے کیلئے برآمدی ٹیرف اور ٹیکس کے شعبہ میں اصلاحات کر رہی ہے، معاشی استحکام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور پائیدار پالیسی کے نتیجہ میں 15 سالوں بعد کرنٹ اکائونٹ سرپلس رہا ہے جس کا بین الاقوامی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے، مضبوط معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے
ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی عالمگیر وباء کے باوجود پاکستان کی معیشت میں استحکام آ رہا ہے جو خوش آئند ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کو 800 ملین ڈالر قرضوں کی واپسی پر ریلیف مل گیا
نجی شعبہ نے 101 ارب روپے کے قرضے واپس کر دئیے
حکومتی دعوئوں کے برعکس پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2.3 کھرب تک جا پہنچا
پٹرولیم ڈویژن کا ایک کھرب سے زائد گردشی قرضہ، ای سی سی نے کمیٹی بنا دی
دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان میں بینک کی پرنسپل پبلک منیجمنٹ سپیشلسٹ حرا نیا موکو پادے نے کہا ہے کہ کوویڈ-19 کی وبا نے پاکستان کو ایک ایسے وقت میں نشانہ بنایا جب ملک میکرو اکنامک بحالی کی سفر پر تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اس پروگرام سے پاکستان کو برآمدی شعبہ میں مسابقت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ کوویڈ-19 کے اثرات کے تناظر میں برآمدات اور تجارت میں مسابقت اور تنوع بہت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے پروگرام سے پاکستان کوحسابات جاریہ کے خساروں سے پائیدار بنیادوں پر بحالی اور برآمدی شعبہ میں تنوع میں اضافہ کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
اس پروگرام سے ٹیرف اور ٹیکس سے متعلق پالیسی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی جس سے بین الاقوامی سطح پر تجارتی و برآمدای مسابقت میں بہتری آئے گی، پروگرام سے ایکریڈیشن کے اداروں، ایکسپورٹ و امپورٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان سنگل ونڈوز جیسے اداروں کو بھی مضبوط بنایا جا سکے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ نیا قرضہ تجارت و مسابقت پروگرام کے ذیلی پروگرام کے تحت دیا جا رہا ہے، اس پروگرام کے پہلے مرحلہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے حکومت کو خام مال اور انٹرمیڈیٹ مصنوعات پر ٹیرف اور ایڈہاک ڈیوٹیز کے خاتمہ کیلئے اصلاحاتی پروگرام شروع کرنے میں معاونت فراہم کی تھی۔
اسی طرح ای کامرس اور تجارت میں سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کی مضبوطی اور برآمدی سرٹیفیکشن کے عمل میں آسانی کیئے کئی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بینک ترقیاتی شراکت داروں اور ڈونرز کے اشتراک سے پاکستان کے ساتھ معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گا، اس پروگرام سے مسابقت کو فروغ ملے گا جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔