بینکوں کی جانب سے مختصر مدت کے قرضوں میں کمی، زرعی قرضوں میں اضافہ

473

اسلام آباد: ملک میں رواں مالی سال کے دوران شیڈول بینکوں کی جانب سے مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں کمی جبکہ زرعی قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں (جولائی تا اکتوبر) میں شیڈول بینکوں کی جانب سے مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں 1.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اکتوبر 2020ء کے اختتام پر شیڈول بینکوں کی جانب سے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 81 کھرب 15 ارب  68  کروڑ 10 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام پر شیڈول بینکوں کی جانب سے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 82 کھرب دو ارب 32 کروڑ80 لاکھ روپے رہا، مالی سال 2018-19ء کے اختتام پر ان قرضوں کا حجم 80 کھرب  96 ارب 77 کروڑ 10 لاکھ روپے تھا۔

دوسری جانب ملک میں زرعی قرضوں کی فراہمی میں رواں مالی سال کے دوران 3.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1214.7 ارب روپے مالیت کے زرعی قرضے فراہم کئے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 3.5 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں فراہم کردہ زرعی قرضوں کا حجم 1174 ارب روپے تھا، یکم جولائی سے لے کر 30 اکتوبر 2020ء تک کی مدت میں نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 49.4 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

گزشتہ سال جولائی سے لے اکتوبر کے اختتام تک نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 6.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here