پاکستان، سعودیہ تجارتی، اقتصادی تعاون مزید وسیع کرنے پر متفق

383

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی کے شعبے سمیت دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

جمعہ کو نائیجر میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل کے ساتھ ملاقات کی، اس دوران باہمی تعلقات، علاقائی امور، کثیر جہتی فورم میں تعاون اور کوویڈ 19 کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

پاکستان ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے بانی ارکان میں شامل

سعودی عرب کا غیر ملکی ملازمین سے متعلق ’کفالہ‘ کا نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ

ویسٹرن یونین نے سعودی کمپنی ’ایس ٹی سی پے‘ کے 15 فیصد شئیرز خرید لیے

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جی-20 سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات گہرے اور مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں، فریقین نے توانائی سمیت دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے او آئی سی کی امت مسلمہ کے لئے اہم پلیٹ فارم اور مسئلہ کشمیر میں پیش رفت کے حوالے سے تنظیم کے کردار پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور اس مسئلہ کے منصفانہ حل کیلئے اصولی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، انہوں نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، فریقین نے متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے اعلی سطح کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here