کیلی فورنیا: موبائل کمپنی ایپل نے چھوٹے کاروباروں اور انوویشن کو فروغ دینے کے لیے ایپ سٹور بزنس پروگرام متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جو یکم جنوری 2021ء سے شروع ہو گا۔
اس پروگرام کے تحت ان ڈویلپرز کو فائدہ ہو گا جو ایپل کے ایپ سٹور پر ڈیجیٹل مصنوعات اور سروسز فروخت کرتے ہیں، گزشتہ برس کے دوران ایک ملین ڈالر سے زائد کمانے والے ڈویلپرز اس پروگرام کے ذریعے 15 فیصد کے کم کمیشن پر بھی کوالیفائی کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
چور ایپل کی 6.6 ملین ڈالر کی مصنوعات لے اڑے
تیسری سہ ماہی: ایپل، ہواوے ، شاؤمی یا سام سنگ میں سے زیادہ سمارٹ فون کس نے بیچے؟
ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹم کُک کا کہنا ہے کہ سمال بزنس عالمی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل ہیں اور دنیا بھر میں بے روزگار افراد کیلئے روزگار کے مواقع اور جدت کا ذریعہ ہیں۔
ٹم کک کے مطابق ’ہم اس پروگرام کو چھوٹے کاروباروں کے مالکان کی مدد کے لیے شروع کر رہے ہیں تاکہ اس سے ناصرف ڈویلپرز کو فائدہ پہنچے بلکہ صارفین کو بھی اعلیٰ معیار کی ایپس میسر آئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ معیشت کی شرح نمو کے لیے ایپ سٹور ایک انجن کی طرح ہے، بہترین آئیڈیاز کے ساتھ انٹرپرینیورشپ کا راستہ اپنا کر لاکھوں نوکریاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔