اقتصادی سست روی کے بعد پاکستانی سیمنٹ سیکٹر کی تیزترین بحالی

تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 52 فیصد اضافہ، بڑی کمپنیوں کی فی شئیر آمدن بھی بڑھ گئی

1141

اسلام آباد: کووڈ۔ 19 کی وبا کے باعث اقتصادی سست روی کے بعد سیمنٹ کے شعبہ کی تیز ترین بحالی کا عمل جاری ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) کو لسٹڈ سیمنٹ ساز اداروں کے بھیجے گئے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پہلی سہ ماہی کے لئے لکی سیمنٹ نے 5.13 ارب روپے بعد از ٹیکس منافع کمایا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کےلئے کمپنی کی آمدنی 1.53 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس طرح جولائی تا ستمبر 2020ء کےلئے لکی سیمنٹ کی فی حصص آمدنی بھی 13.45 روپے تک پہنچ گئی جبکہ جولائی تا ستمبر 2019ء کےلئے کمپنی کی فی حصص آمدن 3.93 روپے رہی تھی۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز کے شعبہ تحقیق کے نائب سربراہ شنکر تلریجا نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں مالی سال کےلئے لکی سیمنٹ کی فی حصص آمدنی 10 روپے متوقع تھی تاہم لکی سیمنٹ کی فی حصص آمدن توقعات سے کہیں بہتر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

فوجی سیمنٹ کے مالیاتی نتائج جاری

پانئیر سیمنٹ کا مالیاتی نتائج کا اعلان

سیمنٹ کی قومی برآمدات 36 فیصد اضافہ سے 2.74 ملین ٹن تک پہنچ گئیں

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی نے آٹو موبائلز کے بزنس میں بھی سرمایہ کاری کی رکھی ہے اور جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کےلئے اس کی آمدن میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

شنکر تلریجا نے توقع ظاہر کی کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں رواں سال کمپنی کی سیلز 77 فیصد اضافہ سے 16 ارب روپے تک بڑھے گی۔

پی ایس ایکس رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران کوہاٹ سیمنٹ کمپنی کی آمدن میں 475 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی تا ستمبر 2020 کےلئے کمپنی کی آمدن 507.1 ملین روپے تک بڑھ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 88.2 ملین روپے تھی، کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 0.44 روپے کے مقابلہ میں 2.52 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔

گزشتہ مسلسل چار سہ ماہیوں کے دوران خسارہ کے بعد 30 ستمبر 2020ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران میپل لیف سیمنٹ کو 555 ملین روپے منافع ہوا ہے اور فی حصص آمدن 0.51 روپے رہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات 2.74 ملین ٹن تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے 2.02 ملین ٹن سے 36 فیصد زیادہ ہیں۔

شنکر تلریجا کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 52 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کی بحالی اور فروغ سے سیمنٹ ساز مقامی صنعت کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور توقع ہے کہ گزشتہ مالی سال جو سیمنٹ کی صنعت کے لئے ایک مشکل سال ثابت ہوا تھا رواں مالی سال کے دوران شعبہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتر آئے گی۔

معاشی ماہرین کی رائے ہے کہ سیمنٹ سیکڑ کے ریونیو میں اضافہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے باعث ریٹینشن پرائس بڑھنے اور شمالی ریجن میں ریٹیل قیمت میں اضافے کی وجہ سے ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here