نئی دہلی: امریکی ای کامرس کمپنی ایمازون بھارت میں 2.8 ارب ڈالر کے لگ بھگ سرمایہ کاری کے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
اس منصوبے کے تحت جنوب بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں 2022ء کے وسط تک ایمازون ویب سروس کلائوڈ ریجن ( AWS Cloud region) قائم کیا جائے گا۔
بھارتی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق ایمازون کی جانب سے یہ دوسرا کلائوڈ انفرسٹرکچر ریجن ہے جو بھارت میں قائم کیا جا رہا ہے، اس سے ای کامرس سیکٹر کی شرح نمو میں اضافہ ہو گا اور سٹارٹ اپس، ڈویلپرز اور انٹرپرائزز کے علاوہ تعلیم کے شعبے میں انقلاب برپا کرے گا۔ حکومت اور نجی تنظیمیں اور کمپنیاں بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔
امریکی ای کامرس کمپنی بھارتی کمپنیوں کو ان کی ایپلی کیشنز چلانے اور بھارت میں موجود ڈیٹا سینٹرز سے اینڈ یوزر سپورٹ فراہم کرنے کے قابل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
ویب سروسز کے ساتھ ایمازون کی پاکستان میں باضابطہ انٹری
فیس بک کا ویب ڈویلپمنٹ، ہوسٹنگ سروسز شروع کرنے کا فیصلہ
ایمازون، گوگل اور مائیکروسافٹ بھارت کی بڑی مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے اپنی اپنی کلاؤڈ سروسز کو وسعت دینے کیلئے کوشاں ہیں، سٹارٹ اپس اور انوویشن ٹیکنالوجیز کے دور میں چھوٹی اور بڑی کمپنیوں کو منافع بخش بنانے کے لیے کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، ویب سروس ہوسٹنگ جیسی ٹیکنالوجیز میں یہ تینوں کمپنیاں بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
دوسری جانب ایمازون پاکستان میں بھی اپنی خدمات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس مقصد کے لیے اسلام آباد میں ایمازون ڈیٹا سروسز پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے دفتر رجسٹرڈ کروایا جا چکا ہے اور ایمازون ویب سروسز کے لیے ٹیم کی تیاری شروع کی جا چکی ہے۔
کچھ روز قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے بھی اپنی ویب ڈویلپمنٹ اور ویب ہوسٹنگ سروسز پاکستان میں فراہم کرنے کا کا اعلان کیا تھا۔