بھارت،وٹس ایپ کی پیمنٹ سروس متعارف

628

نئی دہلی: معروف سوشل میڈیا کمپنی واٹس ایپ نے بھارت میں اپنی پیمنٹس سروس کا آغاز کر دیا۔

بھارتی شہری اس سروس کے ذریعے اب کہیں بھی آن لائن رقم بھیج سکیں گے، رقم کی منتقلی کے لیے واٹس ایپ صارفین کا بینک اکاؤنٹ اور ڈیبٹ کارڈ ہونا ضروری ہے۔

واٹس ایپ نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ “جس طرح واٹس ایپ یپغامات بھیجنے کا طریقہ کار آسان ہے بالکل اسی طرح رقم منتقل کرنے کو بھی محفوظ اور آسان بنایا گیا ہے، صارفین اپنے عزیز و اقارب کو محفوظ طریقے سے رقم منتقل اور مصنوعات کی خریدوفروخت پر ادائیگی کر سکتے ہیں، بلکہ اگر کسی کو رقم بھجوانی ہو تو بینک جانے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔‘‘

واٹس ایپ کو یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) پر کام شروع کرنے کیلئے  نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) سے منظوری مل گئی ہے۔

واٹس ایپ نے اپنے بیان میں کہا کہ “ڈیجیٹل ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لیے ہم بھارتی مہم کا حصہ بننے پر پُرجوش ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیے:

واٹس ایپ پر روزانہ کتنے ارب پیغامات بھیجے جاتے ہیں؟

ڈیجیٹل بینکنگ میں 12 فیصد اضافہ، پیپر پر مبنی ادائیگیوں میں 10 فیصد کمی

فیس بک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک زکربرگ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ “فیس بک کی ملکیتی کمپنی واٹس ایپ کے بھارت میں چار کروڑ سے زائد صارفین ہیں، کمپنی محدود صارفین کے لیے دو سال سے زائد عرصے تک peer-to-peer پیمنٹس سروس مہیا کر رہی تھی اور بھارتی حکومت کے ریگولیٹری ادارے کی منظوری کی منتظر تھی۔‘‘

واٹس ایپ نے کہا ہے کہ اس نے بھارت کے پانچ بینکوں آئی سی آئی سی آئی بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، ایکسز بینک، سٹیٹ بینک آف انڈیا اور جیو پیمنٹس بینک کے ساتھ اشتراک کیا تھا۔

مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ اب سے بھارت کی 10 مختلف علاقائی زبانوں میں واٹس ایپ ورژنز پر پیمنٹس سروس دستیاب ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here