پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ میں 12 فیصد اضافہ، پیپر پر مبنی ادائیگیوں میں 10 فیصد کمی

مالی سال 2019-20ء میں مالیاتی ادائیگیوں کے مجموعی حجم میں 0.3 فیصد، مالیت میں 1.9 فیصد کمی آئی: سٹیٹ بینک

668

اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق رواں سال پاکستان میں انٹرنیٹ اور موبائل بینکنگ سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد گزشتہ سال کی نسبت 12 فیصد زیادہ ہو گئی ہے۔

گزشتہ سال کی نسبت مجموعی طور پر 12.2 فیصد صارفین نے ای بینکنگ (اے ٹی ایم، انٹرنیٹ یا موبائل بینکنگ اور پوائنٹ آف سیلز سسٹم) کے ذریعے 65.9 کھرب روپے کی 905.9 ملین ٹرانزیکشنز کیں۔

کاغذ پر مبنی بینکنگ میں 8.7 فیصد کمی آئی اور سال بھر میں صرف 10 فیصد صارفین نے کاغذی چیک، پے آرڈرز اور ڈیمانڈ ڈرافٹس کے ذریعے 131 کھرب روپے کی ادائیگیاں کیں۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے  جاری کردہ  ’پےمنٹ سسٹمز ریویو برائے مالی سال 2019-20ء‘ میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل ذرائع سے بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر کورونا لاک ڈائون کے دوران ڈیجیٹل بینکنگ سے استفادہ کرنے والے صارفین کی تعداد کافی بڑھی کیونکہ اس دوران سٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل فنڈز ٹرانسفر کرنے پر چارجز معاف کر دئیے تھے۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں کے دوران انٹرنیٹ بینکنگ میں سالانہ 31 فیصد جبکہ موبائل بینکنگ میں سالانہ 86 فیصد کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے۔

تاہم سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2019-20ء کے دوران مالیاتی ادائیگیوں کے مجموعی حجم میں 0.3 فیصد جبکہ مجموعی مالیت میں 1.9 فیصد کمی آئی۔

جون 2020ء تک ملک بھر میں 15 ہزار 612 اے ٹی ایم مشینیں تھیں جو گزشتہ سال کی نسبت 6 فیصد زیادہ ہیں، یوں ایک لاکھ کی آبادی کیلئے 7.5 اے ٹی ایم دستیاب ہیں، یہ تعداد خطے کے دیگر ممالک کی نسبت کافی کم ہے کیونکہ بھارت میں ایک لاکھ کی آبادی کیلئے 22، بنگلہ دیش میں 9 اور نیپال میں 14 جبکہ ایران میں ایک لاکھ افراد کیلئے 88  اے ٹی ایم دستیاب ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ مالی سال 2020ء کے دوران پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) کے ذریعے 364.2 ارب روپے مالیت کی 70.3 ملین ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، یہ تعداد گزشتہ سال کی نسبت حجم کے حساب سے 2.9 فیصد اور مالیت کے اعتبار سے 0.5 فیصد کم رہی، سٹیٹ بینک کے مطابق یہ کمی کورونا وائرس کی وجہ سے کاروباری بندش کے باعث ہوئی۔

گزشتہ سال پوائنٹ آف سیلز سے 366.2 ارب روپے مالیت کی 72.4 ملین ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جاری مالی سال کے دوران پی او ایس ٹرمینلز کی تعداد بھی کم ہو کر 49067 رہ گئی جو گزشتہ سال 56 ہزار 911 تھی۔

ای کامرس کی بات کی جائے تو مالی سال 2020ء کے دوران مقامی طور پر رجسٹرڈ آن لائن کاروباروں کیلئے صارفین نے 34.9 ارب روپے مالیت کی 10.2 ملین ٹرانزیکشنز کیں، یہ گزشتہ سال کی نسبت مالیت کے اعتبار سے 78.9 فیصد اور حجم کے لحاظ سے 33.7 فیصد زیادہ تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here