روپے کی قدر مزید بلند، ڈالر آٹھ ماہ کی کم ترین سطح پر

1286

 کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مزید 37 پیسے اضافہ ہوا، ڈالر کی قیمت آٹھ ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کا آغاز ہوا تو امریکی ڈالر کی مالیت 159.46 روپے تھی اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 159.09 روپے پر بند ہوا، یوں ڈالر کی قدر میں ایک روز میں 37 پیسے گراوٹ ہوئی۔

رواں کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر 1.17 روپے مستحکم ہوئی جبکہ گزشتہ کاروباری ہفتے میں بھی روپے کی قدر میں 1.11 روپے اضافہ ہوا تھا۔

عارف حبیب لمیٹڈ میں تجزیہ کار ثناء توفیق نے کہا کہ جاری مالی سال کے آغاز سے مسلسل ماہانہ اعتبار سے دو ارب ڈالر ترسیلاتِ زر ملک میں آ رہی ہیں، سہ ماہی کے لحاظ سے پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد (792 ملین ڈالر) کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا، جو آخری بار مالی سال 2015ء کی تیسری سہ ماہی میں سرپلس ہوا تھا۔

گزشتہ سال 1.49 ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ میں خسارہ ہوا تھا جبکہ ڈالر تمام بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کمزور رہا، جی 20 ممالک کی جانب سے 1.8 ارب ڈالر کے قرضے کی ادائیگی دسمبر 2020ء تک ملتوی ہوچکی ہے، اس کے ساتھ ساتھ روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ شروع ہونے سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے جس نے ایکسچینج ریٹ کو بہتر کرنے میں مدد دی ہے۔ ان تمام عوامل نے بھی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کو مضبوط کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here