اسلام آباد : قابل اعتماد کاروباروں کو علیحدہ کرنے اور انہیں سرٹیفائڈ بنانے کے لیے پاکستان کسٹمز نے کراچی سے آتھورائیذڈ اکنامک آپریٹڑز پروگرام (Authorised Economic Operators programme) متعارف کروا دیا۔
یہ پروگرام بہترین عالمی معیار اور ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کے اصولوں کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے، پروگرام کے تحت اچھی ساکھ کے کاروباروں کو علیحدہ کیا جا سکے گا جس کے نتیجے میں حکومت ان کاروباروں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی تاکہ یہ بنا کسی رکاوٹ ترقی کرسکیں۔
یہ پروگرام حکومت کی کاروبار میں آسانی فراہم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے اور یہ اچھی ساکھ کے حامل کاروباروں کے لیے سرکاری محکموں میں سُرخ فیتے کو سُرخ قالین میں بدل دے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
آزادانہ تجارت کیلئے کسٹمز رولز میں ترمیم
’ٹیکسٹائل سیکٹر میں چند مصنوعات پر اضافی کسٹمز، ریگولیٹری ڈیوٹی ہٹانے کی منظوری‘
اس پروگرام کا پائلٹ پراجیکٹ بن قاسم پورٹ پر واقع ماڈل کسٹمز کلیکٹوریٹ میں شروع کیا گیا ہے اور ٹیکسٹائل سیکٹرکے معروف مینوفیکچورر اورایکسپورٹر ڈینم ملز کراچی کو اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
شروع میں یہ پروگرام صرف ایکسپورٹ کے مرحلے پر شروع کیا گیا ہے جب کہ بعد میں اس کا دائرہ کار دیگر شعبہ جات تک بھی پھیلایا جائے گا۔
تاجری برادری نے حکومت کے اس پروگرام کو سراہا ہے اور اُمید کا اظہار کیا ہے کہ یہ ایکسپورٹ سے وابستہ کاروباروں اور معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔