برلن : جرمن حکام نے پاناما پیپرز قضیے میں اہم کردار ادا کرنے والی قانونی فرم موزیک فونزیکا (Mossack Fonseca) کے بانیان کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کی وجہ جارجین موزیک (Juergen Mossack) اور رامن فونزیکا (Ramon Fonseca)، جو کہ لاء فرم کے مالکان ہیں، کی مبینہ ٹیکس چوری اور جرائم پیشہ افراد کے ساتھ تعلق ہے۔
اس حوالے سے جرمنی کے پبلک پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ‘دونوں افراد کو یورپ میں داخلے پر گرفتار کر لیا جائے گا۔’
دونوں کے پاس پاناما کے پاسپورٹ ہیں اور وہ کیریبین جزائر میں روپوش ہیں تاہم جرمن حکام کو اُمید ہے کہ جارجین موزیک سزا میں کمی اور امریکا کے حوالے نہ کرنے کی شرط پر خود کو ان کے حوالے کر دے گا کیونکہ اس کا خاندان جرمنی میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے :
پنجاب اینٹی کرپشن کی کارروائی، 495 غیر قانونی پٹرول پمپس کا انکشاف
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں مالی سال 2019 میں 166 ارب کی ٹیکس چوری کا انکشاف
واضح رہے کہ موزیک فونزیکا وہی قانونی فرم ہے جس کی مدد سے انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس ( آئی سی آئی جے ) نے اپریل 2016ء میں ٹیکس چوری کا بہت بڑا عالمی سکینڈل بے نقاب کیا تھا۔
اس سکینڈل میں آئی سی آئی جے نے دنیا بھر کے شہریوں کی دو لاکھ 14 ہزار 488 آف شور کمپنیوں سے متعلق معلومات جاری کرنے کے لیے موزیک فونزیکا سے 11.5 ملین خفیہ دستاویزات حاصل کی تھیں۔
آئی سی آئی جے کی جانب سے بے نقاب کیے گئے سکینڈل کی وجہ سے 79 ممالک میں ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کی 150 تحقیقات شروع ہوئیں۔
انہی میں سے ایک انکوائری کے نتیجے میں 2017ء میں پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ملک کی سپریم کورٹ نے نااہل قرار دے کر عہدے سے ہٹا دیا تھا اوران کے خلاف مقدمات کا آغاز کیا گیا تھا جن میں سزا ہونے پر انہیں جیل بھی جانا پڑا تھا۔
تاہم 2018 میں موزیک فونزیکا نے پاناما پیپرز کے اجراء کے نتیجے میں اس کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کے باعث اپنے آپریشنز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔