سویڈن نے اپنے 5G نیٹ ورک میں ہواوے اور ZTE کے آلات کے استعمال پر پابندی لگا دی

سویڈن کے سیکیورٹی اداروں نے 5G ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی چینی کمپنیوں کو بڑا خطرہ قرار دے دیا، ملک میں 5G سپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ ہوگی

941

سٹاک ہام : سویڈین نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنے 5G نیٹ ورک میں چینی کمپنیوں ہواوے اور ZTE کے آلات استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ۔

ملک میں اگلے ماہ 5G ٹیکنالوجی کے سپیکٹرم کی نیلامی کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

انٹرنیٹ کی دنیا میں انقلاب برپا کردینے والی ٹیکنالوجی کے لیے چینی کمپنیوں کے آلات کے استعمال پر پابندی لگانے والے یورپی ممالک کی تعداد میں سویڈن کی صورت میں ایک اور اضافہ ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے سویڈش پوسٹ اینڈ ٹیلی کام اتھارٹی ( پی ٹی ایس ) کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ 5G ٹیکنالوجی کے لائسنس کے اجرا کے لیے ملک کی مسلح افواج اور سیکیورٹی کے ادارے خواشمند کمپنیوں کی چھان بین کرتی ہیں اور انہوں نے اپنی سفارش میں چین کو اس حوالے سے سویڈن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے :

ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی مائیکروسافٹ کے ساتھ بات چیت

وزیراعظم کی 5G انٹرنیٹ لانچ کرنے کی ہدایت، فری لانسرز کو سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے دباؤ کے باعث یورپی حکومتوں نے 5G ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی چینی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنا کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ واشنگٹن الزام عائد کرتا ہے کہ چینی کمپنیوں کے  5G آلات کو چین جاسوسی کے لیے استعمال کرسکتا ہے تاہم ہواوے خود کو سیکیورٹی رسک قرار دیے جانے کے الزامات کو بارہا رد کرتی رہی ہے۔

برطانیہ نے تو 2027 تک ہواوے کو اپنے 5G نیٹ ورک سے مکمل طور پر نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔

اُدھر ہواوے اور ZTE نے سویڈن حکومت کے اقدام پر تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا ۔

ماہرین کہتے ہیں کہ ہواوے پر پابندیاں لگانے سے مارکیٹ میں 5G کی آمد کی رفتار سست پڑ سکتی ہے کیونکہ چینی ٹیکنالوجی کمپنی اس میدان میں سب سے آگے ہے۔

واضح رہے کہ سویڈش ٹیکنالوجی کمپنی Ericsson چین کی تینوں بڑی نیٹ ورک کمپنیوں سے 5G ریڈیو آلات کی فراہمی کا کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے مگر سویڈن کی جانب سے ہواوے اور ZTE پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد چین کی جانب سے Ericsson پر جواباً پابندی لگائے جانے کا امکان ہے ۔

سویڈن کی جانب سے 5G ٹیکنالوجی کے لیے چینی کمپنیوں پر لگائی جانے والی پابندی کا فائدہ Ericsson اور فن لینڈ کی کمپنی نوکیا کو ہوگا۔ تاہم دونوں کمپنیوں نے اس بارے میں بات کرنے سے انکار کردیا ہے ۔

سویڈن میں آئندہ ماہ 5G سپیکٹرم کا آکشن ہوگا جس میں حصہ لینے کی خواہشمند کمپنیوں کو ملک کے سیکیورٹی اداروں کی کلیرنس چایے ہوگی ۔

ان اداروں نے Hi3G Access, Net4Mobility, Telia Sverige TELIA.ST اور Teracom کو اس آکشن کے لیے کلیر قرار دیا ہے۔

یہاں یہ بتانا بہتر ہوگا کہ اس آکشن میں Telenor اور Tele2 مشترکہ طور پر Net4Mobility کے طور پر حصہ لے رہیں ہیں اور ان میں Tele2 کمپنی چینی آلات کا استعمال کرتی ہے مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ان کا ااستعمال رد کرکے کسی منظور شدہ کمپنی کے آلات استعمال کرے گی اور ایسا کرنے سے اسے کوئی زیادہ نقصان بھی نہیں ہوگا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here