اسلام آباد: وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور مائیکروسافٹ نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے پر بات چیت کی ہے۔
مائیکروسافٹ نے کاری کلاؤڈ انفراسٹرکچر، سپورٹ سینٹرز کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کرنے اور نوجوانوں کیلئے تربیتی پروگرام منعقد کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
گزشتہ روز مائیکروسافٹ کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان شہزاد خان نے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی ساتھ ملاقات کی۔
سیکرٹری شعیب احمد صدیقی نے مائیکروسافٹ کی جانب سے کورونا وائرس کے دوران معاونت میں توسیع کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور مائیکروسافٹ کے درمیان تعاون سے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
مائیکروسافٹ کے کنٹری ڈائریکٹر نے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے مطابق پاکستان میں ترقی کے سفر پر وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان کےساتھ مختلف ٹیکنالوجی انیشی ایٹوز پر تعاون کرنے کی رضا مندی ظاہر کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مائیکروسافٹ کے ساتھ باہمی تعلقات کے لیے مزید مواقع تلاش کیے جائیں گے۔