ٹک ٹاک کی پاکستان کو پابندی ہٹانے کے عوض سرمایہ کاری کی پیشکش

پاکستانی قوانین کا احترام کرتے ہیں اور ان پر عمل کے لیے اپنی استعداد میں اضافہ بھی کرچکے ہیں، پابندی ہٹائی جانے کے عوض اپنے وسائل کا کچھ حصہ ملک میں لگانے کو تیار ہیں : ٹک ٹاک

1141

لاہور: چین کی ویڈیو شئیرنگ ایپ ٹک ٹاک نے حکومت پاکستان کو اس پر عائد پابندی ہٹانے کے عوض ملک میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اس پر سے پابندی ہٹائی جاتی ہے تو وہ اپنے وسائل میں سے کچھ حصہ پاکستان میں خرچ کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے متعدد نوٹسز کے باوجود ‘غیر اخلاقی اور فحاشی’ پر مبنی مواد کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات نہ اُٹھانے پر 9 اکتوبر کو ملک میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی تھی جو تاحال جاری ہے۔

اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ  ’گزشتہ ایک سال کے عرصے میں ہم نے حکومت پاکستان کی جانب سے اپنے کانٹیٹ کو منظم کرنے والے نظام کے حوالے سے متعدد سوالات کا جواب دیا ہے اور اس حوالے سے اقدامات اُٹھائے ہیں یہاں تک کہ مقامی کانٹینٹ کو منظم کرنے والی اپنی ٹیم کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا ہے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘ملک میں ٹک ٹاک کی بندش کے بعد بھی ہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) سے رابطے میں ہیں اور ملکی قوانین کے احترام اور اس حوالے سے اپنی صلاحیت میں اضافے کا اظہار کرتے رہے ہیں مگر پی ٹی اے کی جانب سے ہمارے اقدامات کی تصدیق اور تعریف کے باوجود ملک میں ٹک ٹاک پر پابندی برقرار ہے اور ابھی تک ہم سے اس ضمن میں کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔’

یہ بھی پڑھیے:

ٹک ٹاک پر پابندی کب ختم ہو گی؟ وزیر آئی ٹی نے بتا دیا

انسٹا گرام کا خفیہ اشتہار بازی پر مبنی کانٹینٹ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

پرافٹ کی تحقیقات کے مطابق صارفین کے ڈیٹا کے مطابق یہ چیز سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں اوسطً ہر صارف دن میں پانچ مرتبہ ٹک ٹاک ایپ استعمال کرتا تھا اور ایپ کے ماہانہ ویوز کی تعداد 14 ارب تھی اور اوسطً ہر صارف دن میں 34 منٹ ٹک ٹاک استعمال کرتا تھا۔

سینسر ٹاور ڈیٹا کے مطابق سال 2020ء کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں ٹک ٹاک پاکستان میں پلے سٹور اور ایپل سٹور پر سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی پانچ ایپس کی فہرست میں شامل تھی۔

مگر رواں ماہ پابندی لگنے کے بعد اس کی یہ رینگنگ گر گئی اوراب یہ  ملک میں  سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی 20 ایپس کی فہرست کا حصہ بن گئی ہے۔

دوسری جانب ٹک ٹاک پر پابندی اس کے حریفوں کے لیے سنہری موقع بن گئی ہے اور Joyy Inc کی LIKEE اس صورتحال سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھا رہی ہے، کمپنی یوٹیوب پر اپنی اشتہار بازی میں جارحانہ تیزی لائی ہے جس کے نتیجے میں یہ پاکستان میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی تیسری ایپ بن گئی ہے، ٹک ٹاک پر پابندی سے پہلے اس ضمن میں یہ ایپ ٹاپ 10 ایپس میں شامل تھی۔

اس صورتحال میں ٹک ٹاک سے مماثلث رکھنے والی بھارتی کمپنیوں Tik Tik Video India اور MX TakaTak نے بھی پاکستانی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے تگ و دو شروع کر دی ہے مگر پی ٹی اے اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اس نے انڈین ایپس کو ملک میں بند کرنے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے، ان ایپس کی پاکستانی مارکیٹ میں مداخلت سے سیکیورٹی خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here