اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔
ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ملک میں ٹیکس وصولی نظام کو زیادہ سے زیادہ شفاف بنانے کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلہ میں مزید ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ایف بی آر نے بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
معاہدے کے تحت بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ڈیٹا فراہم کیا جائے گا جس میں متعدد لین دین یا ٹرانزیکشنز سے متعلق ای سٹامپ اور اراضی کی ملکیت کا ڈیٹا بھی شامل ہو گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر کی بھرپور کوشش ہے کہ تھرڈ پارٹی کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لئے اپنے آئی ٹی سسٹمز کو ان فریقین کے سسٹمز کے ساتھ جوڑا جائے تاکہ ٹیکس کا دائرہ وسیع ہو اور وصولی کے نظام کو زیادہ سے زیادہ شفاف بنایا جا سکے۔