کراچی : فوجی فاؤنڈیشن گروپ کی ذیلی کمپنی فاؤنڈیشن سیکیورٹیز نے ایشیا پیسیفک ریجن میں پہلا شرعی تجارتی پلیٹ فارم (Shariah-compliant trading platform) متعارف کروا دیا۔
فاؤنڈیشن سیکیورٹیز نے پاکستان میں پہلا شرعی تجارتی پلیٹ فارم سرمایہ کاروں کے اس بڑے گروہ کو سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے پر راغب کرنے کے لیے متعارف کروایا ہے جو شرعی تجارتی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بازار حصص کا حصہ بننے سے اب تک گریزاں تھے۔
ملک کے پہلے شریعہ ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے قیام کے لیے میزان شریعہ بورڈ سے رہنمائی حاصل کی گئی ہے۔ اس حوالے سے فاؤنڈیشن سیکیورٹیز کے سی ای او سید احمد زیدی کا کہنا تھا کہ بہت سے سرمایہ کار مارکیٹ میں براہ راست سرمایہ کاری نہیں کرتے کیونکہ انہیں T+2 جیسے تکنیکی معاملات کی سمجھ بوجھ نہیں ہوتی لہٰذا وہ اسلامک فنڈز جیسا کہ المیزان انویسٹمنٹ کو ترجیح دیتے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پلیٹ فارم کی آمد سے ایسے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ کے خراب حالات میں پیسہ نہ نکلوا پانے کی مشکل سے دوچار نہیں ہونا پڑے گا اور وہ اسلامی قوانین کے مطابق سرمایہ کاری کرسکیں گے اور جب چاہے اپنا پیسہ نکلوا سکیں گے۔
یہاں یہ بتانا بھی مناسب ہو گا کہ اگرچہ شمالی امریکا میں اسی طرح کے سرمایہ کاری پلیٹ فارمز موجود ہیں مگر انہیں کسی بڑے مالیاتی ادارے کی سرپرستی حاصل نہیں ہے، یہی وہ چیز ہے جس کا فاؤنڈیشن سیکیورٹیز فائدہ اُٹھائے گی۔
سید احمد زیدی کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس پلیٹ فارم کی ڈیمانڈ کے حوالے سے کافی پرامید ہیں، ’الحمد اللہ ہم اس پلیٹ فارم کی لانچنگ کے موقع پر بہت خوش ہیں اور یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جو بہت مقبولیت حاصل کرے گا کیونکہ بہت سے لوگ شریعت کے اصولوں کے مطابق کام کرنے والے پلیٹ فارمز کی عدم موجودگی کے باعث سرمایہ کاری نہیں کرتے تھے۔’
فاؤنڈیشن سیکیورٹیز کا یہ نیا پلیٹ فارم تمام طبقات کے سرمایہ کاروں کو اپنی خدمات فراہم کرے گا۔
شریعت کے اصولوں کے مطابق کام کرنے والے اس نئے ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے تحت صرف پی ایس ایکس میزان انڈیکس (آل شئیرز انڈیکس) کے سٹاک میں 100 فیصد کیش کی بنیاد پر سرمایہ کاری کی جا سکے گی۔ اس میں انٹرا ڈے ٹریڈنگ کی اجازت نہیں ہو گی، لیٹر آف رائٹس کی سیل پر پابندی ہو گی اور سرمایہ کاری شرعی اصولوں پر کام کرنے والے ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ میزان پاکستان میں ہو گی۔
پی ایس ایکس میزان انڈیکس پاکستان ایکسچینج اور میزان بنک کی جانب سے تشکیل دیا گیا ہے اور اس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شرعی اصولوں پر کام کرنے والی تمام کمپنیاں شامل ہیں۔ اس وقت 226 کمپنیاں اس انڈیکس کا حصہ ہیں۔