ہائوسنگ فنانس پر سبسڈائزڈ مارک اَپ کی ادائیگی کیلئے 33 ارب روپے مختص

پانچ مرلہ، 10 مرلہ مکانات کی تعمیر کیلئے 2.7 ملین، تین ملین روپے اور پانچ ملین روپے تک کا رعایتی قرضہ 10 سے 20 سال کی مدت کیلئے حاصل کیا جا سکتا ہے

1111

اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ مکانوں کی تعمیر (ہائوسنگ فنانس) کیلئے قرضہ جات پر سبسڈائزڈ مارک اَپ کی ادائیگی کیلئے حکومت نے آئندہ 10 برسوں کیلئے 33 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

سٹیٹ بینک کے ترجمان نے منگل کو بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مکانوں کی تعمیر  کیلئے سستے و رعایتی قرضوں کی فراہمی کے ضمن میں سٹیٹ بینک نے پالیسی کا اعلان پہلے سے کر دیا ہے، مکانوں کی تعمیر کیلئے قرضہ جات کی سبسڈائز مارک اپ کی ادائیگی کیلئے 33 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، مارک اپ سبسڈی کی سہولت تمام بینکوں کے ذریعہ دستیاب ہو گی۔

ترجمان نے بتایا کہ تعمیرات کا شعبہ اقتصادی ترقی، مجموعی قومی پیداوار، روزگار اور سماجی بہبود میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس شعبہ سے 40 ذیلی صنعتیں وابستہ ہیں جبکہ 70 فیصد غیر ہنرمند لیبر فورس کو بھی یہ شعبہ روزگار فراہم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کروڑوں کی بے ضابطگیوں پر تین ہائوسنگ سوسائٹیز کے ریکارڈ ضبط

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سستے مکانات کی تعمیرکیلئے مارک اپ پر سبسڈی کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ اس سہولت کے تحت پانچ مرلہ، 5 مرلہ جمع 850 مربع فٹ کورڈ (covered) ایریا اور10 مرلہ مکانات کی تعمیر کیلئے بالترتیب 2.7 ملین روپے، تین ملین روپے اور پانچ ملین روپے تک کا رعایتی قرضہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ قرضہ کی مدت 10 سال سے لے کر 20 سال تک کی مدت کیلئے ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق پہلی کیٹیگری کیلئے پہلے پانچ سال میں مارک اَپ کی شرح پانچ فیصد اور اگلے پانچ سالوں کیلئے سات  فیصد، دوسری کیٹگری کیلئے پہلے پانچ سال میں مارک اپ کی شرح پانچ فیصد اور اگلے پانچ سالوں کیلئے سات فیصد جبکہ تیسری کیٹیگری کیلئے مارک اپ کی شرح پہلے پانچ سال کیلئے سات  فیصد اور اگلے پانچ سال کیلئے نو فیصد مقررکی گئی ہے۔

تمام کمرشل بینک، اسلامی بینک اورہائوس بلڈنگ فنانس کمپنی لیمیٹڈ یہ سہولت فراہم کرنے کی مجاز ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here