کروڑوں کی بے ضابطگیوں پر تین ہائوسنگ سوسائٹیز کے ریکارڈ ضبط

670

دادو: قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی کی ٹیم نے کروڑوں روپوں کی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر کارروائی کرتے ہوئے جامشورو ٹاؤن کے قریب سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) کے دفاتر سے تین ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

نیب کراچی کی ٹیم نے چھاپے کے دوران کلیانی ہاؤسنگ سکیم، زیب ہاؤسنگ سکیم اور راؤ میگا سٹی کے ریکارڈ کو قبضے میں لیا اور پانچ گھنٹوں تک ایس ڈی اے حکام سے پوچھ گچھ کی۔

ذرائع نے بتایا کہ نیب ٹیم نے مختلف پلاٹوں کی الاٹمنٹس اور مذکورہ سکیموں میں کروڑوں روپوں کی خرد برد سے متعلق تفتیش کی۔

 اینٹی کرپشن پولیس (اے سی ای) دادو سرکل کی ایک دوسری ٹیم نے تالوکا میونسپل ایڈمنسٹریشن کے دفتر پر چھاپا مارا اور ترقیاتی کاموں، مشینری کی خریداری اور بھرتیوں  کے ریکارڈ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاور ڈویژن نے کرپشن زدہ شخص کو آئیکسو کے اہم عہدے پر تعینات کروادیا

منی لانڈرنگ کیس : شریف فیملی کے چیف فنانشل آفیسر مزید 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

دادو سرکل آفیسر غلام علی بزدار نے کہا کہ ان کی ٹیم دادو کی ٹاؤن ڈویلپمنٹ سکیموں میں لاکھوں روپوں کی خرد برد کے خلاف تحقیقات کر رہی تھی، مشینری اور آلات کی مبینہ خریداری کے الزامات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 40 ملازمین کو غیرقانونی طور پر بھرتی کیا گیا، گزشتہ تین سال کا ریکارڈ مزید انکوائری کے لیے قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ نیب نے 2.5 ارب روپے کی مبینہ خردبرد کے الزام میں لاہور کی گرینڈ ایونیو ہاؤسنگ سکیم کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ مذکورہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے دھوکہ دہی کے خلاف نیب کے دفتر کے باہر بدھ کے روز احتجاج کیا تھا۔

نیب لاہور کے مطابق متاثرین کی جانب سے گرینڈ ایونیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف دھوکہ دہی کی شکایات موصول ہوئیں تھیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے نیب نے سوسائٹی کے مالک ریاض احمد چوہان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ریاض احمد نے غیرشفاف طریقے سے 4000 کنال اراضی فروخت کی جس میں غیرقانونی طور پر کروڑوں  روپے بٹورنے کا انکشاف ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here