امریکا، کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں کمی، درآمدات میں اضافہ

243

اسلام آباد: جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران شمالی امریکی خطے کے ممالک امریکا اور کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں کمی جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اگست 2020ء تک کی مدت میں امریکا اور کینیڈا کو 716.636 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6.18 فیصد کم ہیں۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے دو مہینوں (جولائی اور اگست 2019ء) میں شمالی امریکی خطے کو پاکستانی برآمدات کا حجم 760.96 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ مالی سال 2019-20ء میں دونوں ممالک کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 4.169 ارب ڈالر رہا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں ان ممالک سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی سے لیکر اگست 2020ء تک کی مدت میں امریکا اور کینیڈا سے درآمدات کا حجم 371.93 ملین ڈالر رہا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 289.88 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مالی سال 2019-20ء میں دونوں ممالک سے 2.591 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here