سٹاک مارکیٹ، کے ایس ای 100 انڈیکس میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی، 503 پوائنٹس اضافہ

469

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں مثبت رجحان رہا، گزشتہ روز (بدھ) کی طرح مارکیٹ میں 503 پوائنٹس تیزی سے کاروبار 40353 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دنیا بھر کی ایکویٹی مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جبکہ گزشتہ کاروباری روز کے مقابلے میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمتیں 1.50 فیصد تیزیسے 40.56 ڈالر جبکہ برینٹ کروڈ کی قیمتیں 1.76 فیصد برتری سے 42.72 ڈالر تک ریکارڈ کی گئیں۔

گزشتہ کاروباری روز (بدھ) کی طرح کے ایس ای 100 انڈیکس میں دن بھر مثبت کاروبار ہوا، کاروبار میں 562 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 40412 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر گیا۔ تاہم، کاروبار کا اختتام 503 پوائنٹس برتری سے 40353 پوائنٹس پر ہوا۔

دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں زبردست 1324 پوائنٹس اضافے سے 64717 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 305 پوائنٹس تیزی سے 28633 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

گزشتہ کاروباری سیشن (بدھ) کے مقابلے میں مجموعی مارکیٹ حجم 431.14 ملین شئیرز سے بڑھ کر 476.73 ملین شئیرز پر ریکارڈ کیے گئے، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ، یونیٹی فوڈز لمیٹڈ اور ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔

آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کے شعبوں نے کاروبار گرین زون میں لے جانے کے لیے اہم کردار ادا کیا، دیگر کمپنیوں کے مابین آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ اور پاک پیٹرولیم لمیٹڈ میں بھی مستحکم اعشاریے برقرار رہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here