وزیرِاعظم کی صوبوں سے مشاورت کرکے ایس ایم ای پالیسی 2020ء کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت

نوجوانوں کی ملازمتیں، برآمدات میں اضافہ اور دولت کی پیداوار اولین حکومتی ترجیح، چھوٹی صنعتوں کو فروغ تینوں ترحیجات کیلئے ضروری ہے: عمران خان کا اجلاس سے خطاب

352

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ملازمتیں دینا، برامدات میں اضافہ اورملک میں آمدنی میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

جمعرات کو نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، وفاقی سیکرٹریز و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ نیشنل ایس ایم ای پالیسی 2020ء وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی اور مجوزہ پالیسی کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا، ملکی برآمدات میں اضافہ اور ملک میں دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ ان تینوں ترجیحات کے حوالے سے طے شدہ اہداف کے حصول میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کے نتیجے میں ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ حکومتی ترجیحات کے پیش نظر تمام وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کو تمام ممکنہ آسانیاں بشمول قواعدو ضوابط کو آسان بنانے، کریڈٹ کی فراہمی، ٹیکس نظام کو سہل بنانے اور کاروبار میں سہولت کاری کے لئے پرعزم ہے۔

وزیرِ اعظم نے وزیر صنعت کو ہدایت کی صوبوں کی مشاورت سے مجوزہ ایس ایم ای پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے ٹائم لائن پر مبنی روڈ میپ کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here