مارکیٹوں میں انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی، تاجروں کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ

659

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے حکام نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے لاہور کی بڑی مارکیٹوں میں موبائل ڈیٹا کوریج بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مختلف تجارتی تنظیموں کے وفد نے ایل سی سی آئی حکام کے ساتھ ملاقات کی اور کاروباری برادری کو مختلف مارکیٹوں میں موبائل ڈیٹا سگنلز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیش آنے والے مسائل کے بارے میں ایل سی سی آئی حکام کو بریفنگ دی۔

تجارتی تنظیموں کے نمائندگان نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں موبائل ڈیٹا کی عدم دستیابی سے ان کے کاروباروں کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، سیلولر کمپنیوں اور پی ٹی اے کو اس معاملے میں جلد غور کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے:

چین کے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ صارفین کی تعدد 28.5 کروڑ تک پہنچ گئی

فائیوجی سے پانچ گنا تیز انٹرنیٹ، پی ٹی سی ایل نے نئی سروس متعارف کرا دی

چین، فائیوجی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پانچ لاکھ  سے زائد بیس سٹیشن قائم

ایل سی سی آئی حکام کو بتایا گیا کہ برانتھ روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، بادامی باغ، اکبری منڈی، ہال روڈ، فیروزپور روڈ، انڈسٹریل اسٹیٹ، گلبرگ، شادمان، ماڈل ٹاؤن اور شہر کی دیگر کمرشل مارکیٹوں میں خراب موبائل ڈیٹا سگنلز ان کے کاروباروں کے لیے شدید مسائل پیدا کررہے ہیں۔

رواں سال اس سے قبل، لاہور ہائی کورٹ نے سیلولر کمپنیوں کے ساتھ ساتھ پی ٹی اے ڈائریکٹر لاہور کو مذکورہ مسائل حل کرنے کا حکم دیا تھا، تاجروں کا کہنا تھا کہ مسائل حل نہ  ہوئے تو تجارتی تنظیمیں اب اس معاملے کو کنزیومر عدالتوں میں لے جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلولر کمپنیوں نے حال میں تاجروں کو یقین دلایا تھا کہ ان کے مسائل ستمبر میں حل ہو جائیں گے لیکن ‘اکتوبر آگیا ہے ابھی تک مسائل حل نہیں ہوئے’۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے صدر ایل سی سی آئی میاں طارق مصباح نے تاجروں کو ان کے مسائل جلد حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایل سی سی آئی اس معاملے کو اعلیٰ سطح تک لے جا کر انہیں بروقت حل کرانے کے لیے یقینی بنائے گا۔ ہمارے پاس آخری آپشن عدالتوں میں جانا ہے۔

مصباح نے تسلیم کیا کہ کاروبار میں کمیونیکیشن کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، لاہور کی بڑی مارکیٹیں موبائل سگنلز نہ ہونے کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “اس وقت سیٹلائٹ سسٹمز کے ذریعے دنیا بھر میں سگنل کی سپلائی یقینی بنائی جارہی ہے جبکہ پاکستان میں بڑے شہروں کے اہم کمرشل سینٹرز میں انٹرنیٹ کنیکٹویٹی کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا”۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here