خدمات کے شعبے کی برآمدات میں 16.8 فیصد کمی

552

اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ سالانہ اعتبار سے پاکستان کی خدمات کے شعبے کی برآمدات میں 16.79 فیصد کمی آئی، یہ برآمدات اگست 2020 میں 352.92 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

پی بی ایس کے مطابق جولائی 2020 میں خدمات کی برآمدات میں پانچ فیصد کمی آئی تھی، مجموعی طور پر جولائی اور اگست کے دوران خدمات کی برآمدات 14.26 فیصد کمی سے 758.05 ملین ڈالر تک آگئیں جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران یہ برآمدات 884.14 ملین ڈالر ریکارڈ ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے:

ستمبر میں تجارتی خسارے میں 19.5 فیصد اضافہ

معیشت بحالی کی راہ پر گامزن، درمیانی اور طویل مدت کے قرضوں کے حصول میں اضافہ، سٹیٹ بینک

مالی سال 2020 میں خدمات کی برآمدات میں سالانہ اعتبار سے 8.66 فیصد کمی ہوئی، 2019 میں 5.966 ارب ڈالر کے مقابلے میں رواں برس یہ برآمدات 5.449 ارب ڈالر رہیں۔

حالیہ خدمات کی برآمدات میں کمی کی وجہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عالمی وبا کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب، اگست 2020 میں ملک میں خدمات کی درآمدات 51.39 فیصد کمی سے 454.99 ملین ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کےدوران یہ درآمدات 936.03 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مجموعی طور پر مالی سال 2021 (جولائی تا اگست) کے دوران خدمات کا درآمداتی بل 32.81 فیصد کمی سے 1.220 ارب ڈالر ہوگیا، یہ درآمداتی بل مالی سال 2020 کے زیرجائزہ عرصے کےدوران 1.815 ارب ڈالر تھا۔

مالی سال 2020 میں خدمات کی درآمدات 24.25 فیصد کمی سے 8.284 ارب ڈالر پر آگئی جبکہ گزشتہ برس یہ خدمات کی درآمدات 10.936 ارب ڈالر دیکھی گئی تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here