کے پی میں بجلی کے نظام کی بہتری کیلئے پیسکو کو 20 ارب روپے دئیے جائیں گے

662

پشاور: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی اب گریڈیشن کے لیے 15 سے 20 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے خیبر پختونخوا میں بجلی کے ترسیلی نظام سمیت نئی پاور ٹرانسمیشن لائنز اور نئے گرڈ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرصدارت اجلاس میں پیسکو کی اپ گریڈیشن کے لیے سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان، وزیراعظم کے معاونینِ خصوصی ارباب شہزاد، قاسم شہزاد اور ندیم بابر کے علاوہ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ، معاونِ خصوصی اطلاعات کامران بنگش، ایم این اے ارباب شیر علی اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پیسکو میں پاور ٹرانسمیشن منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت کی نمائندگی کے لیے ایک پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا جائے گا، پیسکو کے اعلیٰ حکام کو منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق جامع منصوبہ تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کو دو ہفتوں کے اندر متعلقہ فورم سے منظوری کے لیے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدن میں 15 فیصد کمی

بجلی کی پیداوار میں 4.1 فیصد اضافہ، سب سے زیادہ بجلی کس ذرائع سے پیدا ہوئی؟

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ہسپتالوں، سکولوں اور صنعتوں کے مکمل کیے گئے منصوبوں کو بھی جلد گیس اور بجلی فراہم کی جائے گی۔

پشاور میں پاور ٹرانسمیشن کے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے افسران نے بتایا کہ کے پی میں متعدد منصوبوں سمیت وارسک روڈ اور ریگی ماڈل ٹاؤن پر 132 کلوواٹ گرڈ اسٹیشن پر کام جاری ہے جبکہ وزیر باغ گرڈ سٹیشن، فیڈرز کی تقسیم اور بجلی کی تاریں نصب کرنے کا کام رواں سال کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اجلاس میں گیس اور بجلی کے غیرقانونی کنیکشنز سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، وفاقی اور صوبائی اداروں کی جانب سے ان مسائل پر مل کر قابو پانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں گیس سیکٹر میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران خیبرپختونخوا میں گیس منصوبوں کے لیے 19 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے، موجودہ گیس سپلائی انفراسٹرکچر اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ بجلی کا ترسیلی نظام مردان سے چارسدہ اور پشاور تک بچھایا گیا ہے۔

ضلع کرک میں مختلف منصوبوں کے لیے 9 ارب روپے کی سرمایہ کاری اور مقامی آبادی کو گیس فراہم کرنے کے لیے سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کی منظوری دے دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here