خسارہ زدہ سرکاری اداروں کے فرانزک آڈٹ کیلئے آڈیٹر جنرل کی ٹیم تشکیل

543

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) نے خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کے نقصانات کا فرانزک آڈٹ کرانے کے لیے چار رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔

اے جی پی آفس نے سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کو بتایا کہ وزارتِ خزانہ نے ایک خط کے ذریعے اے جی پی کو خسارے میں جانے والے اداروں کے آڈٹ کرنے کے لیے درکار مہارت و صلاحیت کے بارے میں دریافت کیا تھا کہ وہ یہ آڈٹ کر سکتے ہیں یا نہیں؟

جس پر اے جی پی آفس نے جواب دیا تھا کہ ان کے پاس اس کام کے لیے ماہر  اور تجربہ کار ٹیم موجود ہے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک چار رکنی ٹیم تشکیل بھی دے دی ہے۔

فرانزک آڈٹ ٹیم کی سربراہی 19ویں گریڈ کے افسر ڈائریکٹر جنرل آڈٹ (کراچی) ثاقب رحمان کریں گے، چار رکنی ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر عتیق الرحمان، آڈٹ آفیسر ندیم مسعود اور اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر ثاقب حسین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

نقصان میں چلنے والے اہم اداروں کےفرانزک آڈٹ کے لیے ٹیم تشکیل

سرکاری انٹرپرائزز میں اصلاحات سے متعلق قانون کا ڈرافٹ منظور

یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ وزیراعظم نے اس سے قبل کابینہ اجلاس میں متعلقہ حکام کو خسارہ زدہ سرکاری اداروں کا گزشتہ چار سال کا فرانزک آڈٹ کرانے کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق کابینہ کمیٹی نے حکام کو اے جی پی آفس میں فرانزک آڈٹ کے لیے مہارت، باہر سے خدمات لینے کی صورت میں لاگت کا تخمینہ، وقت کا دورانیہ اور نقصان میں چلنے والے اداروں کی تجویز کردہ لسٹ کے فرانزک آڈٹ کے لیے دستیاب تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔

تاہم کمیٹی کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ  ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی جانب سے کی گئی جس میں تجویز دی گئی کہ فرانزک آڈٹ شروع کرنے سے پہلے اے جی پی کو مطلوبہ خدمات یا مہارت رکھنے یا نہ رکھنے کے بارے میں بتانا ہو گا۔

کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں سے کمپنیوں کے انتخاب کے لیے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here